آئندہ 5 سال میں سرویس کی فراہمی ، مرکزی وزیر منوج سنہا کا بیان
نئی دہلی ۔ 29 ۔ جولائی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : ملک بھر میں 55,669 دیہاتوں کو آئندہ 5 سال میں موبائل خدمات سے مربوط کردیا جائیگا جہاں پر فی الحال یہ سہولت دستیاب نہیں ہے۔ ہندوستان میں واقع 5.97 لاکھ دیہاتوں میں سے 5.41 لاکھ دیہاتوں میں موبائل سرویس فراہم کردی گئی ہے جبکہ 55,669 دیہات ہنوز موبائل خدمات سے محروم ہیں ۔ راجیہ سبھا میں آج ایک تحریری جواب دیتے ہوئے مملکتی وزیر مواصلات مسٹر منوج سنہا نے کہا کہ باقیماندہ دیہاتوں کو آئندہ 5 سال کے دوران مرحلہ وار موبائل خدمات سے آراستہ کردیا جائیگا ۔ انہوں نے بتایا کہ اڈیشہ میں سب سے زیادہ دیہات 10,308 ، جھارکھنڈ میں 5,949 اور مدھیہ پردیش میں 5,926 دیہاتوں میں موبائل کوریج نہیں ہے ۔ علاوہ ازیں مہاراشٹرا میں 4,792 ، چھتیس گڑھ میں 4,041 ، آندھرا پردیش میں 812 ، ارونا چل پردیش میں 2,886 ، آسام میں 2,885 اور بہار میں 2,534 دیہات موبائل خدمات سے محروم ہیں۔ مرکزی وزیر نے بتایا کہ محکمہ ٹیلی کام نے دیہاتوں اور دور افتادہ علاقوں میں موبائل فون خدمات فراہم کرنے کیلئے 3,567.5 کروڑ روپئے کا منصوبہ تیار کیا ہے ۔۔