ملک بھر میں کل سے حکومت کی صاف صفائی مہم

نئی دہلی 30 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ملک بھر میں 2 اکٹوبر سے حکومت کی جانب سے صاف صفائی مہم کا آغاز کیا جائے گا۔ وزیراعظم نریندر مودی کی پالیسی کے مطابق سوَچھ بھارت مہم کو پورے جذبہ و استقلال سے روبہ عمل لایا جائے گا۔ گاندھی جی کی یوم پیدائش کے موقع پر جمعرات سے ملک بھر کے عوام وزیراعظم نریندر مودی کے عہد کے مطابق بڑے پیمانے پر صاف صفائی مہم میں حصہ لیں گے۔ نریندر مودی نے آئندہ 5 سال تک اِس پالیسی کو قومی تحریک بنانے کا ارادہ ظاہر کیا ہے تاکہ 2 اکٹوبر 2019 ء تک ہندوستان میں صاف ستھرا ماحول پیدا ہوسکے۔ گاندھی جی کی 150 ویں سالگرہ کے موقع پر اُن کے خوابوں کی تکمیل کا عمل شروع کیا جارہا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی عوامی تقریب میں اِس مہم کا آغاز کریں گے۔ مودی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ہفتہ میں 2 گھنٹے صاف صفائی کے لئے وقف کریں تاکہ اپنے اطراف و اکناف صاف ستھرا ماحول پیدا ہوسکے۔ نئی دہلی کے ساؤتھ بلاک، نارتھ بلاک اور شاستری بھون میں واقع تمام سرکاری دفاتر میں صفائی کی خصوصی مہم شروع کی جائے گی۔ ریل بھون، شرم شکتی بھون، ودیوگ بھون، نرمان بھون اور وگیان بھون میں بھی عہدیداروں کی جانب سے صفائی مہم چلائی جائے گی۔ ملک گیر سوچھ بھارت مہم کے آغاز کے لئے دفاتر بند رہیں گے ۔ یہ دفاتر کل بھی 2 بجے دن سے 2 اکٹوبر صبح 10 بجکر 30 منٹ تک بند رہیں گے۔ ملک کے مواضعات اور ٹاؤنس میں بھی صاف صفائی مہم شروع کی جائے گی۔