نئی دہلی۔/24جون، ( سیاست ڈاٹ کام ) ملک بھر میں فاسٹ ٹریک قومی شاہراہوں کا جال بچھانے کی کوشش کے حصہ کے طور پر محکمہ ٹرانسپورٹ و ہائی ویز نے روڈ پراجکٹس کیلئے40ہزار کروڑ روپئے منظور کئے ہیں اور روزانہ 30کلو میٹر سڑک بچھانے کا نشانہ مقرر کیا ہے۔ یہ اعلان آج مرکزی وزیر روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز نتن جئے رام گڈکری نے کیا۔ گڈکری نے تقریباً 60ہزار کروڑ کی لاگت کے 250روڈ پراجکٹس کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پراجکٹس اب تک فائیلوں میں ہی بند تھے، اراضی حصول اور ماحولیات کے علاوہ محکمہ جنگلات کی منظوری جیسے مسائل میں ہی یہ پراجکٹس رکے ہوئے تھے۔ ان رکے ہوئے پراجکٹس کو آئندہ تین ماہ کے دوران تیزی سے شروع کیا جائے گا۔ گڈکری نے کہا کہ ان کی وزارت تیزی سے منظوریاں حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ گڈکری کے پاس وزارت جہاز رانی، دیہی ترقی، پنچایت راج اور پینے کا پانی و صاف صفائی کے قلمدان بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال سڑکوں کی تعمیر کا کام مکمل کیا جارہا ہے۔
اس وقت روزانہ 3کلو میٹر کی اساس پر کام جاری ہے، آئندہ اسے روزانہ 30کلو میٹر کی اساس پر پورا کیا جائے گا۔ روڈ پراجکٹس کی لاگت 60ہزار کروڑ کی ہے لیکن مختلف وجوہات کے باعث یہ پراجکٹس شروع نہ ہوسکے۔ وزارت روڈ نے 40ہزار کروڑ روپئے کے پراجکٹس کی منظوری دے دی ہے۔ یہ سڑکیں آئندہ دو تین سال کے دوران ملک بھر میں تعمیر کی جائیں گی۔ ان میں جموں کشمیر کی20ہزار کروڑ لاگتی قومی شاہراہ بھی شامل ہے۔ شمال مشرقی علاقوں میں بھی 15ہزار کروڑ کی لاگت سے سڑکیں تعمیر کی جارہی ہیں۔ اترا کھنڈ اور ہماچل پردیش میں بھی سڑکوں کی تعمیر ہورہی ہے۔ ہم نے جموں کشمیر کیلئے 20ہزار کروڑ روپئے منظور کئے ہیں اور یہ پراجکٹس آئندہ ڈھائی سال میں پورے کئے جائیں گے۔ ان سڑکوں کی تعمیر کے بعد سیاحت کو فروغ حاصل ہوگا۔ آسام، منی پور، میگھالیہ، میزورم، اروناچل پردیش، ناگالینڈ اور تریپورہ پر مشتمل ملک کی شمال مشرقی ریاستوں میں 15ہزار کروڑ لاگت پراجکٹس کا اعلان کیا گیا ہے۔