ملک بھر میں سوائن فلو سے 875اموات اور 15,000متاثرین

نئی دہلی۔ 24 فبروری۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) حکومت نے آج کہا کہ ملک بھر میں سوائن فلو سے 875جانیں تلف ہوئی ہیں اور 15,000 افراد اس مرض سے متاثر پائے گئے ۔ تاہم صورتحال سے نمٹنے کیلئے موثر اقدامات کئے گئے ہیں۔ وزیر صحت جے پی نڈا نے آج پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں وبائی مراض کی سنگین صورتحال پر ایک بیان دیتے ہوئے کہاکہ H1N1 وائرس سے سوائن فلو پھیل رہاہے اور اس مرض سے سال 2009 ء میں بھاری تعداد میں اموات ہوئی تھیں لیکن وائرس کو ختم نہیں کیا جاسکا ۔ انھوں نے بتایا کہ سال 2009-2010 ء میں یہ وباء پھوٹ پڑنے پر Oseltamiveve ڈرگ استعمال کی گئی تھی اور اب بھی علاج کیلئے یہ دوا موثر ہے جبکہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ویرولوجی

اور نیشنل سنٹر فار ڈیزیس کنٹرول دہلی میں بعد تحقیقات یہ توثیق کردی گئی ہے کہ H1N1 دراصل انفلنزا کا کیس ہے اور یہ وائرس سال 2009 ء سے برقرار ہے جسے ختم نہیں کیا جاسکا۔ مرکزی وزیر نے بتایا کہ یکم جنوری سے 22 فبروری 2015ء تک مختلف ریاستوں میں 14673 کیس درج کئے گئے اور 841 افراد کی موت واقع ہوئی جبکہ سال 2009 ء میں 27236اور سال 2010 ء میں 20640 کیس درج کئے گئے اور سال 209 ء میں 981 اور سال 2010ء میں 1763 ا فراد فوت ہوگئے تھے ۔ انھوں نے کہا کہ صورتحال پر سخت نگرانی رکھی گئی ہے اور ریاستوں کو ضروری امداد فراہم کی جارہی ہے اور صورتحال سے نمٹنے میں کوئی تساہل نہیں برتا جائیگا ۔ دریں اثناء گجرات میں آج مزید 11 افراد سوائن فلو سے فوت ہوگئے ۔ ریاست بھر میں جاریہ سال اس مرض سے مرنے والوں کی تعداد 197تک پہنچ گئی ۔

سرکاری اعلامیہ میں بتایا گیا کہ سوائن فلو سے آج 11 افراد کی جانیں تلف ہوگئیں اور 249 نئے کیس درج کئے گئے اس طرح متاثرین کی تعداد 2,886 ہوگئی ۔ سوائن فلو سے آج اضلاع سوات اور وڈوڈا میں 3 ، احمدآباد اور بھاؤنگر میں 2 اور سبھرکانتا میں ایک ایک اموات ہوئی ۔ تاہم 2,886 متاثرین میں سے 1,391 مریضوں کے علاج کے بعد ہاسپٹلوں سے ڈسچارج کردیا گیا ۔ دریں اثناء وزیر صحت منیش پاٹل نے آج راجکوٹ کا دورہ کرکے سوراشٹر علاقہ میں سوائن فلو کی صورتحال کا جائزہ لیااور خانگی دواخانوں کو ہدایت دی گئی کہ سوائن فلو کے مریضوں کا مفت علاج کیا جائے یہ اقدام ، گجرات ہائیکورٹ کے احکامات کے بعد کیا گیا ۔ انھوں نے بتایا کہ عوام میں شعور بیدار کرنے کیلئے گھر گھر مہم چلائی جارہی ہے ۔
کانگریس سے ہاتھ ملانے سی پی ایم کوپیشکش
اگرتلہ ۔ 24 فبروری۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس نے آج بظاہر سی پی ایم سے کہا کہ نریندر مودی حکومت کی غلط حکمرانی کے خلاف جدوجہد میں اس کاساتھ دے تاہم یہ بھی دھمکی دی ہیکہ تریپورہ میں بائیں بازو کی زیرقیادت حکومت عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف تحریک چلائی جائیگی ۔ اے آئی سی سی جنرل سکریٹری مسٹر وی نارائن سوامی نے بتایا کہ مرکز میں نریندر مودی کی زیرقیادت این ڈی اے حکومت کی غلط حکمرانی کے خلاف کانگریس کی جدوجہد میں سی پی ایم اعانت کرسکتی ہے کیونکہ سی پی ایم نے مرکز میں یو پی اے حکومت کی تائید کی تھی اوریہ سلسلہ اب بھی جاری رکھا جاسکتا ہے ۔ تاہم انھوں نے کہا کہ مرکز میں تائید کے باوجود تریپورہ میں سی پی ایم حکومت کی مخالفت کی جائیگی کیونکہ سی پی ایم کے 30 سالہ دور حکومت میں تریپورہ ایک پسماندہ ریاست بن گئی ہے اور دیہاتوں میں بہتر سڑکیں اور طبی سہولیات دستیاب نہیں ہیں ۔