نئی دہلی ۔ 3 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے شمالی اور مغربی علاقوں میں برقی کی صورتحال انتہائی ابتر ہوتی جارہی ہے اور کوئلہ کی قلت کے باعث کئی پاور پلانٹس بند کردیئے ہیں۔ اس کے علاوہ مانسون میں کمی کی بناء برقی طلب میں اضافہ ہوگیا ہے۔ ملک کے 100 تھرمل پاور اسٹیشنس کے منجملہ 56 کے پاس 7 دن سے بھی کم کا کوئلہ کا ذخیرہ موجود ہے۔ 27 پاور اسٹیشنس صرف 4 دن برقی سربراہ کرنے کے موقف میں ہے۔ ایک دن قبل ممبئی اور اطراف و اکناف کے علاقوں میں برقی شٹ ڈاؤن دیکھا گیا جبکہ گرگاؤں، نوئیڈا اور فریدآباد بھی تاریخی میں ڈوب گئے تھے۔ اترپردیش، پنجاب اور بہار میں روزانہ برقی شٹ ڈاؤن کے باعث لوگ احتجاج کرتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔ ناقص بارش سے ہائیڈرو پاور جنریشن بھی متاثر ہیں۔