ملک بھر میں جاریہ ہفتے ما قبل مانسون بارش کا امکان

تلنگانہ میں آئندہ ہفتے بارش ہوسکتی ہے ۔ موسمیاتی تجزیہ نگاروں کا ادعا

حیدرآباد 27 مارچ ( سیاست نیوز ) ہندوستان بھر میں اس ہفتہ کے اواخر میں بھی بارش کا امکان ہے ۔ وقفہ وقفہ سے بارش کا سلسلہ ملک کے بڑے حصوں میں جاری رہ سکتا ہے ۔ کچھ وقت تک بارش کی وجہ سے ملک کے بیشتر حصوں میں جاری شدید گرمی کی لہر سے کچھ حد تک راحت مل سکتی ہے ۔ تاہم تلنگانہ میں فی الحال بارش کا امکان نہیں ہے اور آئندہ ہفتے یہاں کچھ بارش کی امید کی جاسکتی ہے ۔ موسمیاتی تجزیہ نگاروں نے یہ بات کہی ہے ۔ ماہرین کے بموجب جزیرہ نما ہند میں مانسون سے قبل کی سرگرمیاں ہیں ۔ ساحلی اور وسطی مہاراشٹرا میں جمعرات کو اچھی بارش ہوئی تھی ۔ دوپہر کے بعد اور شام کے اوقات میں اس علاقہ میں طوفان باد و باراں کا اندیشہ تھا ۔ اس علاقہ میں بارش کا سلسلہ جاری رہے گا جو 31 مارچ تک بتدریج مراٹھواڑہ اور تلنگانہ تک پھیل سکتا ہے ۔ کرناٹک کے شمالی علاقوں میں بھی کچھ بارش ہوسکتی ہے ۔ جنوبی ہندوستان میں ماقبل مانسون کی سرگرمیاں نہیں رہیں گی ۔ یہاں ہوائیں بھی کم چل سکتی ہیں۔ کیرالا کے ساحل پر گرج چمک ہوسکتی ہے جو ہفتے کے وسط تک کرناٹک تک وسعت اختیار کرسکتی ہے ۔ کئی علاقوں میں حالانکہ اعظم ترین درجہ حرارت معمول سے زیادہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے اور یہ سلسلہ بھی جاری رہ سکتا ہے ۔ کرناٹک کے بیلاری میں گذشتہ اتوار کو 40 ڈگری سلسئیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا جبکہ رائلسیما میں کرنول میں سب سے زیادہ 40.6 ڈگری سلسئیس ریکارڈ کیا گیا ۔ اس علاقہ کے دور دراز کے مقامات پر درجہ حرارت میں یہی شدت برقرار رہ سکتی ہے ۔ بارش کا پہلا مرحلہ پہاڑی ریاستوں جیسے جموں و کشمیر ‘ ہماچل پردیش اور اتر کھنڈ سے 28 مارچ کو شروع ہوسکتا ہے اور یہ دو دن تک چل سکتا ہے ۔ 31 مارچ کو شمالی ہند تک پہونچتے پہونچتے بارش میں کمی آسکتی ہے ۔ تاہم یکم اپریل سے اس میں تیزی بھی پیدا ہوسکتی ہے ۔ دہلی ‘ پنجاب ‘ ہریانہ ‘ مغربی اتر پردیش اور شمالی مدھیہ پردیش میں 2 اپریل سے بارش ہوسکتی ہے ۔ یہ سلسلہ اپریل کے پہلے ہفتے تک جاری رہ سکتا ہے تاہم بارش کی شدت مختلف ہوسکتی ہے ۔ مشرقی ہندوستان جیسے بہار ‘ جھارکھنڈ اور چھتیس گڑھ میں بھی بارش ہوسکتی ہے ۔