پاناجی ۔ 28 ۔ مئی : ( سیاست ڈاٹ کام) : بی جے پی نے آج ملک بھر میں بیف پر پابندی کو خارج از امکان قرار دیا ہے اور کہا کہ یہ ریاستوں کی ذمہ داری ہے کہ عوامی جذبات کا پاس و لحاظ رکھتے ہوئے فیصلہ کرے ۔ صدر بی جے پی مسٹر امت شاہ نے یہاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جہاں کہیں بھی بی جے پی حکومتیں ہیں وہاں پر عوامی جذبات کو پیش نظر رکھتے ہوئے بیف پر پابندی عائد کی جائے گی ۔ لیکن ہم یہ نہیں کہہ سکتے ملک بھر میں بیف پر پابندی عائد کردیں گے ۔ مہاراشٹرا اور ہریانہ میں بی جے پی حکومت نے بیف پر امتناع عائد کردیا ہے ۔ تاہم صدر بی جے پی امیت شاہ نے یہ وضاحت کی ہے کہ تمام ریاستوں میں پابندی کے لیے پارٹی اصرار نہیں کرے گی ۔ بلکہ یہ ریاستی حکومت کے صوابدید پر ہے کہ عوام کے جذبات کا پاس و لحاظ کرتے ہوئے امتناع عائد کریں ۔ گوا میں ذبیحہ گاؤ پر امتناع سے متعلق ایک سوال کے جواب میں امیت شاہ نے کہا کہ عوام سے مشاورت کے بعد حکومت گوا اس مسئلہ پر قطعی فیصلہ کرے گی ۔ انہوں نے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی کے اس ریمارک کو بھی نظر انداز کردیا کہ جو لوگ بیف کھانا چاہتے ہیں وہ پاکستان چلے جائیں اور کہا کہ یہ ان کا شخصی نقطہ نظر ہے ۔