کانگریس قائدین نوٹ لیں۔ راہول گاندھی کی تلنگانہ قائدین سے ایک گھنٹہ تک مشاورت
حیدرآباد 18 ستمبر (سیاست نیوز) کانگریس صدر راہول گاندھی نے شمس آباد ایرپورٹ پر تلنگانہ کانگریس قائدین سے ایک گھنٹے تک ملاقات کی۔ انتخابی حکمت عملی کا جائزہ لیا ۔ملک میں اقلیتوں اور دلتوں کے ووٹ ووٹر لسٹ سے منظم سازش کے تحت خارج کردینے کا الزام عائد کیا۔ تلنگانہ انتخابات کیلئے 11 مختلف کمیٹیوں کی تشکیل کیلئے راہول نے منظوری دے دی۔ کسی بھی وقت احکام جاری ہوسکتے ہیں۔ آندھراپردیش کے کرنول کے دورہ پر آئے راہول گاندھی نے دہلی واپسی سے قبل راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر تلنگانہ قائدین سے ایک گھنٹے تک ملاقات کی۔ اس ملاقات میں اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ کانگریس اُمور، آر سی کنٹیا، سرینواس کرشنن، اتم کمار ریڈی، جانا ریڈی، محمد علی شبیر، ملو بٹی وکرامارک، مدھو گوڑ یشکی کے علاوہ دوسرے موجود تھے۔ راہول نے تلنگانہ کی ووٹر لسٹ سے لاکھوں ووٹ حذف کردینے پر تعجب کرتے ہوئے اس کا نوٹ لینے کی کانگریس قائدین کو ہدایت دی اور کہاکہ منظم سازش کے تحت سارے ملک میں اقلیتوں اور دلتوں کے ووٹ فہرست سے خارج کئے جارہے ہیں۔ راہول گاندھی نے کہاکہ ملک کے تازہ حالات اور ان کے ساتھ ناانصافی ظلم و زیادتی سے اقلیتیں اور دلت طبقات بی جے پی سے ناراض ہیں اور دوبارہ اُمید بھری نگاہوں سے کانگریس کی طرف دیکھ رہے ہیں جس سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر انھیں حق رائے دہی سے محروم کرنے ووٹر لسٹ سے اُن کے نام غائب کئے جارہے ہیں۔ راہول گاندھی نے حکمت عملی تیار کرنے میں ناکام نہ ہونے کا کانگریس قائدین کو مشورہ دیا اور ساتھ ہی آپسی رابطہ اور تال میل سے جارحانہ انداز میں انتخابی مہم چلانے پر زور دیا۔ تلنگانہ قائدین نے ٹی آر ایس کو شکست دینے تشکیل دیئے جانے والے عظیم اتحاد سے پارٹی سربراہ کو واقف کرایا۔ راہول گاندھی نے سیاسی اتحاد میں کانگریس کیلئے مستحکم تصور کئے جانے والے حلقوں کو کسی بھی قیمت میں اتحادی جماعتوں کے حوالہ نہ کرنے کی ہدایت دی ۔ اس طرح کی منصوبہ بندی تیار کرنے کا مشورہ دیا۔ خانگی تعلیمی اداروں کے نمائندوں نے بھی ایرپورٹ پر راہول گاندھی سے ملاقات کی اور انھیں ایک یادداشت پیش کی۔ تلنگانہ میں انتخابات کے پیش نظر اے آئی سی سی نے 11 کمیٹیاں تشکیل دی ہیں جس پر دستخط کرتے ہوئے راہول گاندھی نے منظوری دے دی ہے۔ کسی بھی وقت کمیٹیوں کا سرکاری طور پر اعلان ہوسکتا ہے۔