ملک بھر میں آج عید الفطر : فتح پوری مسجد کے شاہی امام کا اعلان

عوام کو عید کی مبارکباد : صدر جمہوریہ پرنب مکرجی کا اردو میں پیام : وزیر داخلہ کی بھی مبارکباد
نئی دہلی 28 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) ملک بھر میں کل منگل کو عید الفطر منائی جائیگی ۔ ماہ رمضان المبارک کی تکمیل کے بعد آج شوال المکرم کا چاند نظر آگیا اور ملک بھر میں کل عید منائی جائیگی ۔ جامع مسجد فتح پوری کے امام مولانا مفتی محمد مکرم کی قیادت والی قدیم رویت ہلال کمیٹی نے آج چاند نظر آجانے کا اعلان کیا ۔ مفتی مکرم نے کہا کہ آج چاند نظر آگیا ہے اور ملک بھر میں کل منگل کو عید الفطر منائی جائیگی ۔ اس دوران صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے عید الفطر کے موقع پر عوام کو مبارکباد پیش کی ہے ۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ عیدالفطر کا تہوار فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو اجاگر کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ عید الفطر کے موقع پر ملک بھر اور بیرون ملک مقیم عوام اور خاص طور پر مسلمانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام عیدالفطر ماہ رمضان المبارک کی تکمیل پر مناتے ہیں ۔ انہیں امید ہے کہ ضرورت مندوں کی مدد کرنے کی روایتوں والا یہ تہوار ہماری زندگیوں میں بھی بھائی چارہ اور پچھڑے ہوئے طبقات کی مدد کا جذبہ اجاگر کریگا ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ یہ تہوار باہمی ہم آہنگی کے جذبہ کو بھی فروغ دیگا ۔ صدر جمہوریہ کا پیام مبارکباد اردو ‘ ہندی اور بنگلہ میں بھی جاری کیا گیا ہے ۔ علاوہ ازیں وزیر داخلہ مسٹر راج ناتھ سنگھ نے عید الفطر کے موقع پر قوم کو مبارکباد پیش کی ۔ اپنے ایک پیام میں راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ عید کے موقع پر اللہ اس ملک کے شہریوں پر اپنی خاص رحمتیں نازل کریگا ۔ انہوں نے کہا کہ عیدالفطر ماہ رمضان المبارک کی تکمیل کے موقع پر منائی جاتی ہے جو عبادتوں ‘ احتساب و پرہیزگاری کا مہینہ ہے اور دوسروں کیلئے بے لوث خدمت کا جذبہ اجاگر کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ تہوار یکجہتی اور بھائی چارہ میں ہمارے یقین کو مزید مستحکم کرتا ہے ۔ اس کے علاوہ ضرورتمندوں کی مدد کا جذبہ پیدا ہوتا ہے ۔