ملک بھر سے طلباء کا دہلی میں زبردست احتجاج

نئی دہلی۔ 23 فروری (سیاست ڈاٹ کام) ملک بھر کی مختلف یونیورسٹیز کے ہزاروں طلبہ نے آج دارالحکومت دہلی کی سڑکوں پر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے دلت اسکالر روہت ویمولہ سے انصاف کا مطالبہ کیا۔ اس کے علاوہ جے این یو تنازعہ پر بھی صدائے احتجاج بلند کی گئی۔ راہول گاندھی اور چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال اس احتجاج میں شامل ہوگئے اور مودی حکومت پر مخالفین کی آواز کو ’’کچلنے‘‘ کا الزام عائد کرتے ہوئے شدید تنقید کی۔ دہلی میں اندرون ہفتہ اس نوعیت کا دوسرا بڑا احتجاجی مظاہرہ تھا۔ طلبہ نے وسطی دہلی کے جھنڈے والاں سے جنتر منتر کی جانب مارچ کیا اور یہاں ایک ریالی منظم کی جسے راہول گاندھی، اروند کجریوال، سی پی آئی کے ڈی راجہ، سی پی ایم جنرل سیکریٹری سیتا رام یچوری، سماجی جہد کار میدھا پاٹکر اور روہت ویملہ کی ماں نے خطاب کیا۔ ان تمام مقررین نے این ڈی اے حکومت کو نوجوانوں کے ذہنوں سے کھلواڑ کے خلاف خبردار کیا۔ راہول گاندھی نے مودی حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ آر ایس ایس کی ایماء پر اپنے مخالفین کی آواز کو کچلنے کی کوشش کررہی ہے۔ ملک بھر میں کالج اور یونیورسٹی طلبہ کی آواز کو دبایا جارہا ہے جبکہ کجریوال نے الزام لگایا کہ جو اقتدار پر ہیں، وہ ’’حب الوطنی کے سرٹیفکیٹس‘‘ تقسیم کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین کی آواز کو کچلنے کیلئے غنڈہ گردی کی جارہی ہے۔ راہول گاندھی نے کہا کہ ان کی پارٹی امتیازی سلوک اور ظلم کے خاتمہ کیلئے نئے قانون کا نفاذ یقینی بنائے گی۔ (خبر صفحہ 5 پر)۔ کجریوال آج راہول گاندھی کے یہاں جانے کے تقریباً ایک گھنٹے بعد پہونچے اور اپنے خطاب میں کہا کہ مرکز اس وقت ملک کے طلبہ سے جنگ چھیڑ چکا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم سے کہا کہ وہ اپنا طریقہ کار تبدیل کریں ورنہ اساتذہ انہیں سبق سکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اب حکومت حب الوطنی کے سرٹیفکیٹس تقسیم کرنا شروع کرچکی ہے۔

اب حکومت یہ فیصلہ کرے گی کہ کون حب الوطن اور کون غدار ہے۔ وہ کسی کو بھی زدوکوب کرسکتی ہے، کسی کی بھی عصمت ریزی کرسکتی ہے اور اپنے اس حرکت کو جائز قرار دینے کیلئے یہ کہا جائے گا کہ وہ ہندوستان کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ غنڈہ گردی کو مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ان کیلئے نتھو رام گوڈسے ’’سب سے بڑا محب وطن‘‘ اور کنہیا ’’سب سے بڑا غدار‘‘ ہے اسی طرح آدتیہ ناتھ سب سے بڑا محب وطن اور گاندھی جی سب سے بڑے غدار ہیں، یہی نہیں سادھوی رتھمبرا سب سے بڑی محب وطن اور عامر خان سب سے بڑے غدار ہیں۔ کجریوال نے کہا کہ اگر مودی اپنا طریقہ تبدیل نہ کریں تو پھر ملک کے نوجوان بھی خاموش رہنے والے نہیں۔ سی پی ایم جنرل سیکریٹری سیتا رام یچوری نے پارلیمنٹ سے صدرجمہوریہ کے رسمی خطاب میں یونیورسٹیز کی موجودہ صورتحال کا تذکرہ نہ کرنے پر تنقید کی۔ سی پی آئی کے قومی سیکریٹری ڈی راجہ نے کہا کہ ان کی پارٹی پارلیمنٹ میں یہ مسئلہ اُٹھائے گی اور حکمراں جماعت کی یونیورسٹیز میں آر ایس ایس نظریات مسلط کرنے کی کوششوں کو ناکام بنادیا جائے گا۔ ریالی سے جے این یو طالب علم عمر خالد کے والد قاسم رسول الیاس نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک پر وہ لوگ حکمرانی کررہے ہیں جنہوں نے مخالفین کی آواز کو دبا دیا ہے۔ انہوں نے طلباء سے کہا کہ وہ ایک نئے انقلاب کیلئے تیار ہوجائیں۔