حیدرآباد۔ 26 ڈسمبر (سیاست نیوز) ملک میں سماجی، معاشی اور اخلاقی بحران کے پس منظر میں سی پی آئی تمام سیکولر اور جمہوری طاقتوں کو متحد کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ سینئر لیڈر اے بی بردھن نے آج سی پی آئی کی 88 ویں یوم تاسیس کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک اس وقت بحران سے دوچار ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی اور معاشی بحران کے ساتھ ساتھ اب سماجی یہاں تک کہ اخلاقی بحران بھی شروع ہوچکا ہے۔ ملک میں جو کچھ ہورہا ہے، اس پر ہم تمام فکرمند ہیں، لیکن اس بحران کی صورتحال نے کمیونسٹوں کیلئے مواقع فراہم کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم تمام بائیں بازو اور جمہوری طاقتوں کو متحد کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ اے بی بردھن نے کہا کہ ملک کی دو بڑی سیاسی جماعتوں نے حصول اقتدار کی دوڑ میں غریب عوام کے مسائل کو یکسر فراموش کردیا ہے۔ وہ سرمایہ دارانہ نظام کو فروغ دیتے ہوئے امریکی سامراجیت کی ترجمان بنی ہوئی ہیں۔
سی پی آئی ریاستی سکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریاست کی موجودہ صورتِ حال کیلئے سیاسی جماعتوں کو ذمہ دار قرار دیا۔ انہوں نے پارٹی کو مستحکم کرنے کیلئے عوام سے سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی۔انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کی قرارداد سے قوانین اور بل تیار ہوتے ہیں مگر اپنی ہی پارٹی کے اراکین ان قوانین یا بل کی مخالفت پر اُتر آتے ہیں۔ ایسے میں سیاسی جماعتوں کی مجرمانہ خاموشی جمہوریت کیلئے خطرہ بن رہی ہے۔ انہوں نے دوغلی پالیسی سے گریز کا سیاسی جماعتوں کو مشورہ دیا۔ سابق رکن پارلیمنٹ و سی پی آئی قومی عاملہ رکن سید عزیز پاشاہ، قومی صدر اے آئی ایس ایف سید ولی اللہ قادری اور سی پی آئی سٹی سکریٹری وی ایس بوس کے علاوہ دیگر اس موقع پر موجود تھے۔