لندن 14 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) اگر آپ دنیا کی معروف اور دولتمند شخصیتوں کے ساتھ آسمان کی بلندیوں میں سفر کرنا چاہتے ہیں تو پھر یہ آپ کیلئے ایک اچھا موقع ہے ۔ برطانیہ کی 88 سالہ ملکہ ایلزبتھ ایک ہیلی کاپٹر پائلٹ کی متلاشی ہیںجس کو سالانہ 78,500 پاونڈ تنخواہ ادا کی جائیگی ۔ برطانیہ کے شاہی خاندان کی ویب سائیٹ پر ’’ ائر کرافٹ کیپٹن ‘‘ کی ملازمت کا اشتہار دیا جا رہا ہے اور یہ واضح کردیا گیا ہے کہ درخواست گذار پائلٹس کا وی وی آئی پی تجربہ رکھنا بہت ضروری ہے ۔ یہ تنخواہ ‘ پرنس ولیم کو اپنی پائلٹ ذمہ داریوں کی تکمیل پر ملنے والی تنخواہ سے دوگنی ہے ۔ انہیں سالانہ 40,000 پاونڈ تنحواہ ملتی ہے ۔ اشتہار میں کہا گیا ہے کہ شاہی عہدہ کیلئے درخواست گذار کو سارے برطانیہ میں مسلسل سفر اور ضرورت پڑنے پر رات کے اوقات میں بھی سفر کیئے تیار رہنا ہوگا اور اس کو اپنی باقاعدہ ذمہ داریوں کے علاوہ بھی موقع کی مناسبت سے اپنی موجودگی کا احساس دلانا ہوگا ۔ اسے لچکدار رویہ اختیار کرنا ہوگا ۔ درخواست گذاروں کیلئے کارپوریٹ اور وی وی آئی پی تجربہ اضافی قابلیت سمجھا جائیگا ۔ کہا گیا ہے کہ اس پائلٹ کو معیاری طریقہ کار کے مطابق محفوظ اور کارکرد سفر کی ذمہ داری لینی ہوگی ۔ ملکہ برطانیہ باقاعدہ پائلٹس کی ایک ٹیم رکھتی ہیں۔