ملکہ برطانیہ ‘ مودی کے اعزاز میں ظہرانہ کا اہتمام کرینگی

لندن 29 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم ہندوستان نریندر مودی آئندہ ماہ برطانیہ کا دورہ کرنے والے ہیں اور اس موقع پر ملکہ ایلزبتھ کی جانب سے ان کے اعزاز میں ظہرانہ کا اہتمام کیا جائیگا ۔ اس کے علاوہ انہیں تاریخی ویمبلے اسٹیڈیم میں ہندوستانی برادری سے خطاب کا موقع بھی ملے گا ۔ برطانیہ کے وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون امکان ہے کہ مودی کی بیشتر مصروفیات میں ان کے ساتھ ہونگے ۔ اس دورہ کا 12 نومبر سے آغاز ہو رہا ہے اور امکان ہے کہ مودی کو کیمرون کی آبائی قیامگاہ میں ایک رات توقف کا بھی موقع ملے گا ۔ ڈیوڈ کیمرون کی ہندوستانی برادری کی اہم رکن و وزیر روزگار پریتی پٹیل نے کہا کہ کیمرون کے ہندوستانی وزیر اعظم کے ساتھ گرمجوشانہ تعلقات ہیں ۔ اس دورہ سے دونوں قادئین کے بہترین امتزاج کو دیکھنے کا موقع مل سکتا ہے ۔ برطانیہ کی جانب سے امکان ہے کہ دونوں ملکوں کے مابین بہترین تعلقات کو اجاگر کرنے کے اس موقع سے بہترین انداز میں استفادہ کیا جائیگا ۔ تاہم اس دورہ کے موقع پر نریندر مودی کو ایک سرکاری گھوڑا گاڑی پر سفر کرنے کا موقع دستیاب نہیں ہوسکے گا لیکن ملکہ ایلزبتھ کی جانب سے وزیر اعظم ہندوستان کے اعزاز میں ظہرانہ کا اہتمام ضرور کیا جائیگا ۔ اس ظہرانہ کے بعد نریندر مودی کا اہم ترین سمجھے جانے والے ویمبلے اسٹیڈیم میں خیر مقدم کیا جائیگا ۔