ملکہ برطانیہ علیل ‘ نئے سال کے موقع پر دعائیہ اجتماع سے غیرحاضر

ڈیواور ڈچزآف کیمبرج کی شرکت ‘ شہزادہ فلپ نے ملکہ کی نمائندگی کی ‘ ملکہ ایک ہفتہ سے منظر سے غائب
لندن یکم جنوری ( سیاست ڈاٹ کام) ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم سالانہ نئے سال کے دعائیہ اجتماع میں اتوار کے دن چرچ میں حاضر نہ ہوسکیں‘ کیونکہ ان کی ذاتی جائیداد سینڈرنگھم اسٹیٹ سے جاری کردہ بیان میں اطلاع دی گئی تھی کہ ملکہ شدید نزلہ کا شکار ہیں اس وجہ سے وہ اتوار کے دن چرچ کے دعائیہ اجتماع میں شرکت نہ کرسکیں گی ۔ ملکہ برطانیہ ہنوز چرچ کے کسی دعائیہ اجتماع میں شرکت کے قابل نہیں ہے کیونکہ ابھی شدید زکام سے صحت یاب نہیں ہوئی ہیں ۔ قصر بکنگھم سے ترجمان نے کہا کہ 90سالہ ملکہ گذشتہ ایک ہفتہ شدید زکام میں مبتلا ہے حالانکہ سمجھا جاتا ہے کہ وہ کافی ضروری سرکاری کاغذات کو پڑرہی اور سمجھ رہی ہے ۔ ان کے شوہر ڈیوک آف ایڈنبرا دعائیہ اجتماع میں ان کی نمائندگی کرتے ہوئے شرکت کریں گے ۔ ان کی مکمل صحت یابی کے بعد ہی اُن کی سرگرمیوں کا دوبارہ آغاز ہوسکے گا ۔ کرسمس کے دن بھی پہلی بار ملکہ برطانیہ کی کئی سالوں بعد غیر حاضری کو بری طرح محسوس کیا گیا تھا ۔ قصر بکنگھم نے پُرزور انداز میں کہا کہ یہ صرف ایک ’’ احتیاطی اقدام ‘‘ ہے ‘ فکرمندی کی کوئی ضرورت نہیں ۔ نئے سال کا دعائیہ اجتماع سینڈرینگھم چرچ میں اتوار کے دن منعقد کیا گیا ‘ اس کی قیادت بشپ آف ناروچ اور شاہی خاندان کے دیگر ارکان نے کی ۔ توقع ہے کہ شہزادہ ولیم ‘ کیٹ میڈلٹن ‘ ڈیوک اینڈ ڈچزآف کیمبرج سینڈرنگھم نیا سال منانے کیلئے آئیں گے ۔ ان کے بعد شہزادہ چارج اور شہزادی شارلٹ کی آمد بھی متوقع ہے جو کیٹ کے خاندان کے ساتھ بکل بیری ( برک شائر) میں گذار چکے ہیں ۔ ملکہ برطانیہ گذشتہ 12دن سے عوام کے سامنے نہیں آئیں ‘ وہ اور شہزادہ فلپ کو شدید زکام ہیں جس کی وجہ سے وہ اپنے معمول کے ٹرین کے ذریعہ سفر کو منسوخ کرچکے ہیں ۔ قبل ازیں وہ کرسمس کے لئے بھی اپنی ذاتی جائیداد نارفوک کو بھی ٹرین کے ذریعہ جانے سے قاصر رہے تھے ۔ ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم گذشتہ ایک ہفتہ سے زیادہ مدت سے اپنی تمام مصروفیات میں شرکت نہ کرسکیں ‘ان کی بیماری اور تقریبات میں عدم شرکت کی قبل ازیں تمام متعلقہ افراد اطلاع دی جاچکی ہے۔