لندن ۔ 3 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) برطانیہ کی ملکہ ایلزیبتھ دوم نے 3 سال کے بعد بیرونی دورہ کرتے ہوئے آج پہلی مرتبہ روم میں پوپ فرانسیس سے ملاقات کی۔ ان کا یہ اٹلی کا سرکاری دورہ ہے جس میں ان کے شوہر پرنس فلپ بھی شریک ہیں۔ صدر اٹلی کی دعوت پر یہ دورہ کیا جارہا ہے۔ اس سے پہلے گذشتہ سال ملکہ ایلزیبتھ نے دورہ کا منصوبہ بنایا تھا
لیکن علالت کی وجہ سے ملتوی کرنا پڑا تھا۔ 87 سالہ ملکہ ایلزیبتھ کا ان کے عہد میں ویٹیکن کا تیسرا دورہ ہے۔ اس کے علاوہ 3 سال میں ان کا یہ پہلا بیرونی دورہ ہے۔ ملکہ ایلزیبتھ نے جو چرچ آف انگلینڈ کی سربراہ ہیں، اینگلیو اور رومن کیتھولک روابط میں بہتری کی کوششوں کی حمایت کی ہے۔ اس دورہ کے موقع پر فاکلینڈ جزائر کے موضوع کو ایجنڈہ میں شامل نہیں رکھا گیا۔ ان جزائر پر برطانیہ کا کنٹرول ہے لیکن پوپ کے آبائی ارجنٹینا نے بھی دعویٰ پیش کیا ہے۔ یہ دورہ ایسے وقت کیا گیا جبکہ فاکلینڈ جنگ شروع ہونے کے 32 سال پورے ہوئے ہیں۔ اس جنگ میں ارجنٹینا کے 649 اور برطانیہ کے 255 افراد ہلاک ہوئے تھے۔