حیدرآباد۔/16اپریل، ( سیاست نیوز) ملک کی بہتری اور ترقی کیلئے آنکھ رہنے والے کچھ نہیں کرسکے لہذا عام آدمی کیلئے کچھ نہ کچھ مدد کرنے کے حقیقی جذبہ کے ساتھ سیاست میں حصہ لینے کا نابینا ( بینائی سے محروم ) سپریا نے انکشاف کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلہ کے تحت علاقہ تلنگانہ میں منعقد ہونے والے عام انتخابات میں ایک دوسرے کے مابین ہونے والے سخت مقابلہ میں حلقہ ملکاجگیری سے عام آدمی پارٹی امیدوار کی حیثیت سے وہ انتخابی مقابلہ کررہی ہیں۔آج اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سپریا نے کہا کہ عام آدمی کی آواز کو اسمبلی اور لوک سبھا کے ایوان تک پہنچانا ان کا اہم مقصد ہے۔ انہوں نے اپنے گہرے تاسف کا اظہار کیا کہ سیاسی قائدین اپنے ہم خیال اپوزیشن جماعتوں کے قائدین سے مل کر اپنے مفادات پر مبنی بلز منظور کرواتے ہوئے عام آدمی کے ساتھ ناانصافی کررہے ہیں۔ نابینا سپریا نے مزید کہا کہ سیاسی شعبہ کا نظام انتہائی ابتر شکل میں تبدیل ہوکر رہ گیا ہے۔ لہذا سیاست میں تبدیلی لانے کے مقصد سے وہ انتخابی مقابلہ کررہی ہیں۔ بحیثیت اڈوکیٹ انہوں نے اپنے کیریئر میں ایک مقدمہ کی پیروی میں بھی ناکام نہیں ہوئیں۔