حیدرآباد۔11 اپریل (سیاست نیوز) ملکاجگری لوک سبھا حلقہ میں واقع آر کے نگر کے ایک پولنگ بوتھ پر اس وقت کشیدگی پیدا ہوگئی جب پولنگ آفیسر کے پاس برسر اقتدار ٹی آر ایس کی بک لٹ پائی گئی۔ انتخابی ڈیوٹی پر بولنگ بوتھ میں ٹیبل پر ٹی آر ایس کی بک رکھنے پر کانگریس کے کارکنوں نے سخت اعتراض کیا۔ بولنگ آفیسر شکیل احمد نے وضاحت کی کوشش کی لیکن کانگریس کے کارکن مطمئن نہیں ہوئے۔ جس وقت رائے دہی جاری تھی عہدیدار نے اپنے ٹیبل پر چیف منسٹر کے سی آر اور ٹی آر ایس کے انتخابی نشان کار پر مشتمل بک کو رکھا اور بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے رائے دہندوں کو اشارہ کرتے ہوئے ٹی آر ایس کو ووٹ دینے کی اپیل بھی کی۔ کانگریس کے سخت احتجاج کے بعد یہ بک ہٹادی گئی اور پولیس عہدیداروں نے انتخابی عملے کو پابند کیا کہ وہ اس طرح کی کوئی حرکت نہ کریں جس سے آزادانہ اور غیر منصفانہ رائے دہی متاثر ہوتی ہو۔ الیکشن عہدیدار کے علاوہ ریٹرننگ آفیسر سے شکایت کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔