ملکاجگری میں ٹی آر ایس پر انتخابی بے قاعدگیوں کا الزام: ریونت ریڈی

حیدرآباد۔11 اپریل (سیاست نیوز) حلقہ لوک سبھا ملکاجگری کے کانگریس امیدوار ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ برسر اقتدار پارٹی کی جانب سے رائے دہی کے دوران بڑے پیمانے پر بے قاعدگیاں کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کے امیدوار راج شیکھر ریڈی اور ریاستی وزیر ملاریڈی نے اپنے حامیوں کے ذریعہ سرکاری مشنری کا استعمال کیا اور رائے دہندوں کو ہراساں کرنے کی کوشش کی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ ملاریڈی کالج کے طلبہ کو الیکشن کمیشن کے عہدیداروں نے والنٹرس کے طور پر مقرر کیا جن کے ذریعہ ٹی آر ایس کے حق میں رائے دہی کی راہ ہموار کی گئی۔ والنٹرس کے ذریعہ پولنگ بوتھس کے قریب موجود رائے دہندوں کو مختلف انداز میں لالچ دیا گیا تاکہ وہ ٹی آر ایس کو ووٹ دیں۔ ٹی آر ایس کے ایجنٹ پارٹی امیدوار کے نام کے ساتھ موجود ٹی شرٹ زیب تن کیئے ہوئے تھے جو انتخابی قواعد کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برسر اقتدار پارٹی رائے دہی کا فیصد گھٹانے کی کوشش کررہی ہے۔ چرلہ پلی اور ناچارم علاقوں میں خانگی کمپنیوں کو جبراً کھولنے پر مجبور کیا گیا۔ بے قاعدگیوں کے سلسلہ میں الیکشن کمیشن سے کی گئی شکایتوں کا کوئی اثر نہیں ہوا ہے۔