ملٹری اسکول پر حملہ آور چاروں طالبان دہشت گردوں کو پھانسی پر لٹکادیا گیا

اسلام آباد 2 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) گزشتہ سال پشاور کے ایک ملٹری اسکول پر طالبان کے خونریز حملہ میں ملوث چار دہشت گردوں کو آج پھانسی پر لٹکادیا گیا۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال ڈسمبر میں ہی اس اسکول پر جو خونریز حملہ ہوا تھا وہ پاکستان کی تاریخ کا بدترین حملہ تھا جس میں 150 سے زائد افراد جن میں اکثریت طلباء کی تھی، ہلاک ہوگئے تھے۔ چار دہشت گرد مولوی عبدالسلام، حضرت علی، مجیب الرحمن اور ساحل عرف یحیٰی کو پشاور کے قریب کوہٹ جیل کی سیول جیل میں پھانسی پر لٹکادیا گیا۔ اس موقع پر ایک سکیوریٹی عہدیدار نے بھی پھانسی دیئے جانے کی توثیق کی۔ صدر ممنون حسین نے گزشتہ ماہ ملزمین کی درخواست رحم کو مسترد کردیا تھا جس کے بعد پاکستان کے فوجی سربراہ جنرل راحیل شریف نے چاروں کے پروانۂ موت پر دستخط کئے۔ ملٹری اسکول پر حملے کے بعد ملزمین کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لئے ایک خصوصی فوجی عدالت کا قیام عمل میں آیا تھا۔ پھانسی ایک ایسے وقت دی گئی جب ملٹری اسکول پر حملے کو 16 ڈسمبر کو ایک سال مکمل ہونے والا ہے۔