نوجوانوں سے روزہ اور تراویح کے اہتمام کی اپیل : مولانا حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ
حیدرآباد 27 اپریل (سیاست نیوز) امیر امارت ملت اسلامیہ مولانا حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ کی نگرانی میں ملّی بیت المال کے ذریعہ آج 20 غریب خاندانوں میں رمضان المبارک کا راشن تقسیم کیا گیا۔ ہر سال رمضان المبارک کے موقع پر غریبوں کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے اناج تقسیم کیا گیا تاکہ وہ رمضان کا بہتر طور پر اہتمام کرسکیں۔ اِس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مولانا حسام الدین ثانی نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ رمضان المبارک کا مکمل عقیدت و احترام کے ساتھ اہتمام کریں۔ روزہ اور تراویح کے اہتمام میں کوئی کوتاہی نہ کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ عام طور پر یہ غلط رجحان پایا جاتا ہے کہ ابتدائی 8 تا 10 دنوں میں ایک قرآن کی تکمیل کافی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ رمضان المبارک قرآن کے نزول کا مہینہ ہے اور اُسے مکمل ایک مہینے تک سماعت اور پڑھنا چاہئے۔ رمضان کا پہلا دہا رحمت، دوسرا مغفرت اور تیسرا دوزخ سے نجات کا ہے۔ ہم باقی دو دہوں کو کس طرح نظرانداز کرسکتے ہیں۔ اگر دوسرے اور تیسرے دہے میں عبادت کا اہتمام کیا جائے تو ہم مغفرت اور دوزخ سے نجات کے مستحق بن سکتے ہیں۔ مولانا حسام الدین ثانی نے کہاکہ شب قدر میں عبادت کا اجر ایک ہزار برس تک عبادت کے برابر ہے۔ ایسی عظیم اور مقدس راتوں کو ہمیں ضائع نہیں کرنا چاہئے۔ اُنھوں نے کہاکہ رمضان المبارک میں ہر صاحب استطاعت کو غریبوں کا خیال رکھنا چاہئے اور پڑوس میں موجود غریبوں کی مدد کی جائے تاکہ وہ بھی رمضان کا اہتمام کرسکیں۔ رمضان میں ہر فرض کا 70 گنا اجر ملتا ہے۔ اُنھوں نے مسلمانوں بالخصوص نوجوان نسل سے اپیل کی کہ وہ ایک ماہ تک ٹی وی اور موبائیل فون بند کردیں۔ اُنھوں نے راشن کے علاوہ کپڑوں کی تقسیم کا مشورہ دیا۔ مولانا نے کہاکہ ملّی بیت المال کے ذریعہ ہر سال غریبوں کی مدد کی جاتی ہے۔ اُنھوں نے صاحب استطاعت افراد سے اپیل کی کہ وہ ملّی بیت المال میں تعاون کرتے ہوئے اجر کے حقدار بنیں۔