11 مئی تک ہائی کورٹ میں رپورٹ پیش کرنے کے سی آر کی ہدایت
حیدرآباد /3 مئی ( پی ٹی آئی) تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندرا شیکھر راؤ نے عہدیداروں کو آج ہدایت کی کہ ملنا ساگر ذخیرہ آب کے سبب اپنی زمینات سے بے دخل ہونے والے افراد میں مالیاتی امداد کی تقسیم اور ان کی بازآبادکاری کیلئے جنگی خطوط پر تمام کارروائیوں کی تکمیل کریں ۔ چیف منسٹر کے دفتر ( سی ایم او ) سے جاری ایک اعلامیہ کے مطابق کے سی آر نے اس تاثر کا اظہار کیا کہ بے گھر یا بے دخل ہونے والے افراد کو معاوضہ کی فراہمی تقریباً پوری ہوچکی ہے اور اگر کچھ باقی رہ بھی گئی ہے تو جلد مکمل کرتے ہوئے ریاستی ہائی کورٹ میں 11 مئی سے قبل رپورٹ پیش کی جائے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ملنا ساگر کے سبب اراضیات سے محروم ہونے والوں کو بطور معاوضہ 800 کروڑ روپئے ادا کئے گئے ہیں اور بڑی بدبختی کی بات ہے کہ اس کے باوجود بھی یہ معاملہ عدالتوں کی مداخلت کی نظر ہوا ہے ۔