بک اسٹال پر مجلس بچاؤ تحریک کے قائدین کا احتجاج ، قائدین اور بک اسٹال مالک گرفتار ، کتابیں ضبط
حیدرآباد ۔23 نومبر(سیاست نیوز) ملعون مصنفہ تسلیمہ نسرین کی کتاب لجہ کی فروخت کے خلاف مجلس بچائو تحریک کے قائدین نے احتجاج کرتے ہوئے نوا تلنگانہ پبلکیشن ہاوز کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا پولیس سے مطالبہ کیا۔ سندریاوگینان کیندرم باب داخلہ پر مذکورہ پبلکیشن ہاوز کے تحت لگائی گئی بک اسٹال پر متنازعہ مصنف تسلیمہ نسرین کی متناز عہ کتاب لجہ کوفروخت کرنے کی اطلاع ملنے کے ساتھ ہی مجلس بچائو تحریک کا ایک وفد جس کی قیادت سابق کارپوریٹر امجد اللہ خان کررہے تھے بک اسٹال پہنچ کر لجہ عنوان والی کتاب فروخت کرنے پر اعتراض کیا اور مذکورہ کتابیں ایم بی ٹی وفد کے حوالے کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے مذکورہ پبلکشن اور متناز عہ مصنفہ مردہ باد کے نعرے لگائے ۔ قبل ازیں امجد اللہ خان نے بک اسٹال کے ذمہ داران کو طلب کرنے اور متنازعہ کتاب کو بک اسٹال سے ہٹانے کا منتظمین سے مطالبہ کیا۔اس دوران مجلس بچائو تحریک کے وفد نے بک اسٹال انتظامیہ اور تسلیمہ نسرین کے خلاف نعرے لگائے۔ بعد ازاں پولیس نے مداخلت کرتے ہوئے تحریک کے قائدین کو بک اسٹال سے ہٹانے کی کوشش کی مگر متنازعہ کتاب کے ہٹانے اور بک اسٹال انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کرنے تک تحریک کے قائدین نے مقام واقعہ سے جانے سے انکار کیا ۔ اے سی پی نرسیا سے استفسار کے باوجود مجلس بچائو تحریک کے قائدین بک اسٹال انتظامیہ او رملعون مصنفہ تسلیمہ نسرین مردہ باد کے نعرے لگاتے رہے ۔ بعد ازاں پولیس نے تحریک کے تمام قائدین کے علاوہ بک اسٹال منتظمین کو حراست میں لیتے ہوئے بک اسٹال پر موجود ملعون مصنفہ تسلیمہ نسرین کی تمام کتابوں کو اپنے تحویل میں لے لیا۔اے سی پی نرسیا نے تحقیقات کے بعد متنازعہ کتاب کی فروخت کے خلاف بک اسٹال انتظامیہ اور پبلکیشن ہاوز کے خلاف مقدمہ درج کروانے کا بھی تحریک کے وفد کو تیقن دیا۔ اس دوران تحریک کے قائدین جن میں مسرس الطاف نصیب خان او رڈاکٹر صمد کے علاوہ دیگر موجود تھے امجد اللہ خان کی قیادت میں نوا تلنگانہ پبلکیشن ہاوز کے خلاف میںایک تحریری شکایت بھی درج کروائی ۔