ملعون تسلیمہ نسرین کو دو ماہ کا ویزا

نئی دہلی 31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام )ملعون مصنفہ تسلیمہ نسرین کو ہندوستان میں دو ماہ قیام کی اجازت دی گئی ہے ۔ وہ 1994 سے جلا وطنی کی زندگی گذاررہی ہے اور انہیں حکومت نے ایک سال کیلئے ویزا جاری کرنے سے انکار کردیا ہے ۔ 51 سالہ تسلیمہ نسرین نے رہائشی اجازت کیلئے درخواست دی تھی اور وزارت داخلہ نے اسی نوعیت کا ویزا منظور کیاہے لیکن یہ یکم اگست سے دو ماہ کیلئے ہوگا ۔ اس کے بعد ان کی درخواست کی تنقیح کا عمل شروع ہوگا ۔وزارت داخلہ کے عہدیدار نے بتایا کہ تنقیح مکمل ہونے کے بعد موزوں فیصلہ کیا جائے گا ۔ تسلیمہ نسرین نے دو ماہ کا ویزا منظور کرنے پر برہمی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس فیصلہ کا تصور بھی ان کیلئے محال تھا ۔ واضح رہے کہ شیطانی تحریروں اور اہانت آمیز کتابوں کے ذریعہ بد نامی حاصل کرنے والی تسلیمہ نسرین 1994 سے جلاوطنی کی زندگی گذارنے پر مجبور ہیں۔

انکاونٹر میں تین عسکریت پسند ہلاک
امپھال ۔ 31 ۔ جولائی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : زیلیانگ گرانگ یونائٹیڈ فورم (ZUF) کے تین عسکریت پسند تھمینلانگ ڈسٹرکٹ میں ایک انکاونٹر کے دوران ہلاک ہوگئے جب کہ آسام رائفلز کے دو جوان زخمی ہوگئے ۔ ایک سرکاری رپورٹ کے مطابق انکاونٹر آج صبح کی اولین ساعتوں کے دوران اس وقت کیا گیا جب ننگاؤ علاقہ میں تیرھویں آسام رائفلز کے جوانوں پر عسکریت پسندوں نے اچانک حملہ کردیا جو اس وقت وہاں گشت پر تھے ۔ آسام رائفلز کی جوابی کارروائی میں تین عسکریت پسند ہلاک ہوگئے جب کہ آسام رائفلز کے ایک جوان کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے ۔ انکاونٹر کا سلسلہ چار گھنٹوں تک جاری رہا اس کے بعد عسکریت پسند وہاں سے جنگل میں فرار ہوگئے جب کہ زخمی جوان کو بغرض علاج امپھال منتقل کیا گیا ۔۔