ملزم کے فرار ہونے کی مفروضہ کہانی، ماں کی شکایت

ممبئی ۔ 27 اگست (سیاست ڈاٹ کام) اورنگ آباد اسلحہ ذخیرہ مقدمہ میں مبینہ طور پر مغربی بنگال پولیس کی تحویل سے ملزم کے فرار ہونے کے 3 دن بعد ماں نے اورنگ آباد پولیس کمشنر کو مکتوب تحریر کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ یہ فرضی کہانی ہے۔ شیخ عبدالنعیم کی ماں قمر شیخ نے کہا کہ پولیس نے یہ کہانی تیار کی اور جس پر بھروسہ نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے اندیشہ ظاہر کیا کہ پولیس انکاونٹر میں ان کے لڑکے کو ہلاک کردے گی۔ ان کا لڑکا شیخ عبدالنعیم گردوں کے عارضہ کا شکار ہے اور علاج کی وجہ سے وہ اس قدر کمزور ہوگیا ہیکہ فرار ہونے کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات و واقعات کو دیکھتے ہوئے یہ اندیشہ ہورہا ہیکہ ان کے لڑکے کو انکاونٹر میں ہلاک کردیا جائے گا یا پھر غیرقانونی طور پر حراست میں رکھا جائے گا۔ انہیں اپنے بیٹے کی زندگی کے تحفظ کے بارے میں خوف ہے۔