ملزم کے دفتر میںآگ ، اثاثہ جات خاکستر

نئی دہلی۔23 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) انرجی کنسلٹنٹ پریاس جین جنھیں وزارت تیل کے مسروقہ خفیہ دستاویزات کی مبینہ خریداری پر گرفتار کیا گیا ہے ، اُن کے دفتر پر پراسرار ’’آگ ‘‘ نے اندرون خانہ ’’اثاثہ جات ‘‘ خاکستر کردیئے ۔ کارپوریٹ جاسوسی اسکام میں اپنے چیف ایکزیکٹیو جین کی گرفتاری کے ایک روز بعد ’میٹس انرجی ‘ نے اپنے کلائینٹس کو ایک ای میل مورخہ 19 فبروری بھیج کر کہا ہے کہ تیل و گیس اوربرقی شعبوں میں تبدیلیوں کے بارے میں روزانہ کا نیوز لیٹر کمپنی کے دفتر میں ’آگ ‘ لگ جانے کی وجہ سے آئندہ ایک ہفتہ تک نہیں بھیجا جاسکے گا ۔ سونم گپتا نے اس ای میل میں کہا کہ بدقسمتی سے مہیب آتشزدگی نے ہمارے دفتر میں کل یعنی 18 فبروری کو تباہی مچائی ۔ ہم اس پر قابو پانے میں کامیاب ہوئے لیکن عمارت اور اندرون موجود اثاثہ جات کو قابل لحاظ نقصان ہوا ہے ۔