: گوری لنکیش قتل کیس :
بنگلورو ۔ 19 جون ۔( سیاست ڈاٹ کام ) کرناٹک ہائیکورٹ نے یہاں دو مجسٹریٹ کورٹس کو گوری لنکیش قتل کیس کے چار ملزمین کو پولیس تحویل میں زدوکوب اور عدالتی طریقہ کار کی عدم تعمیل کے الزامات کے بارے میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ جسٹس کے این پھنیندر نے گزشتہ روز یہ معاملہ سماعت کیلئے پیش کئے جانے پر کہا کہ الزامات سنگین نوعیت کے ہیں اور ہائیکورٹ کی رجسٹری کو ہدایت دی گئی ہے کہ فرسٹ اور تھرڈ ایڈیشنل چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ (اے سی ایم ایم ) کی عدالتوں کے مجسٹریٹس تک اس حکمنامہ کو پہونچا دیا جائے ۔ اُنھیں یہ آرڈر وصول ہونے کی تاریخ سے اندرون 10 یوم الزامات کے بارے میں رپورٹ پیش کرنی چاہئے ۔ ایڈوکیٹ این پی امروتیش نے ایک حلفنامہ میں الزام عائد کیا کہ اس کیس کے ایک ملزم امول کالے کو مارپیٹ کی گئی ، تھپڑ رسید کئے گئے اور پولیس آفیسرس نے اُسے تحویل میں رکھتے ہوئے اُس کے جبڑوں پر مُکّے بھی رسید کئے ہیں۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ دونوں مجسٹریٹس پولیس تحویل میں رہنے والے افراد کے تعلق سے سپریم کورٹ کے مقررہ طریقہ کار کی تعمیل میں بھی ناکام ہوئے ہیں۔ یہ ایڈوکیٹ کالے ، سجیت کمار ، امیت رامچندر دیگویکر اور منوہر ایڈاوے کی پیروی کررہا ہے ، جن کو سینئر جرنلسٹ کے قتل کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا ہے ۔ وکیل صفائی نے یہ بھی الزام عائد کیاکہ مجسٹریٹ نے 14 جون کو پولیس کی جانب سے ایک ملزم کو زدوکوب کئے جانے کے بارے میں مطلع کرنے کے باوجود طبی معائنے کاحکم نہیں دیا ۔ اس کے بجائے مجسٹریٹ نے صرف ملزم کے بدن پر زخم کے نشانات کا نوٹ لیا ۔