حیدرآباد۔ 29 جنوری (سیاست نیوز) ادارۂ سیاست کے زیراہتمام گزشتہ کئی برسوں سے ایس ایس سی کوئسچین بینک تلگو، اُردو، انگلش میں شائع کرکے مفت تقسیم کیا جارہا ہے، اس کے ثمرآور نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ نہ صرف یہ کہ طلبہ کامیاب ہورہے ہیں بلکہ نتیجہ کے فیصد میں بھی کافی اضافہ ہورہا ہے۔ طالب علم ایس ایس سی میں کامیابی کے بعد انجینئر، ڈاکٹر بننے کے علاوہ اور کئی پروفیشنس ہیں، اس کو اپنا کر اپنے مستقبل کو درخشاں کریں۔ ان خیالات کا اظہار جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے یہاں احاطہ سیاست میں واقع محبوب حسین جگر ہال میں ایس ایس سی انگلش میڈیم کوئسچین بینک کی رسم اجرائی کے بعد کیا اور کہا کہ طلبہ اس کو حاصل کرکے بھرپور استفادہ کریں۔ نئے نصاب اور طریقہ تعلیم امتحان سے واقفیت حاصل کرتے ہوئے نہ صرف اپنی کامیابی کو یقینی بنائیں بلکہ اچھے نشانات اور گریڈ حاصل کریں۔ ماضی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ملت کی حالت کو تعلیم کے زیور سے ہی سدھارا جاسکتا ہے چنانچہ آج ہماری قوم تعلیم حاصل کرتے ہوئے آگے بڑھ رہی ہے۔ ادارہ سیاست طلبہ کی رہنمائی کیلئے اور اسکالرشپ کے حصول کیلئے ہیلپ لائن مرکز چلاتا ہے جس سے روزانہ بے شمار امیدوار استفادہ کررہے ہیں۔ ادارہ سیاست نے انجینئرنگ کالجس میں بیرون ریاست کے طلبہ کو رعایتی فیس پر داخلے دلاکر کئی نوجوانوں کو انجینئر بنایا جو آج خلیجی ممالک میں برسرروزگار ہیں۔ ایک طالبہ جو گولڈ مڈل دسویں ؍ بارہویں حاصل کی اس کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اس لڑکی کی کامیابی کا راز یہ تھا کہ وہ ٹیلی ویژن سے دُور تھی اور اس کے گھر میں ٹی وی نہیں تھا۔ آج کے طالب علم کو تین زبانوں تلگو جو ریاستی زبان ہے ، انگریزی جو بین الاقوامی زبان ہے اور اردو جو مادری زبان ہے، اس کو سیکھنا ضروری ہے اور مادری زبان سے اگر ماں کی طرح محبت کریں تو اس کو کوئی ختم نہیں کرسکتا۔ اس زبان میں ہمارا مذہبی، سماجی ورثہ اور لٹریچر موجود ہے۔ جناب زاہد علی خاں نے کوئسچین بینک کی رسم اجرائی کے بعد اس کتاب کی تدوین کرنے والے اساتذہ کی شال پوشی کرتے ہوئے انہیں توصیف نامہ دے کر ان کو تہنیت پیش کی۔ جناب احمد بشیر الدین فاروقی جن کی زیرنگرانی یہ کوئسچین بینک تیار کیا گیا، اس کی تیاری میں مدد کرنے والے اساتذہ سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ گزشتہ 15، 16 برسوں سے یہ کوئسچین بینک بلاوقفہ شائع ہوکر مفت تقسیم کیا جارہا ہے جس سے نہ صرف حیدرآباد بلکہ اضلاع کے بے شمار امیدوار اور اسکولس استفادہ کررہے ہیں۔ اس موقع پر جناب محمد نذیراحمد موظف ایس سی ایس آر ٹی نے نئے نصاب کے تحت سوالات کو الگ اور نئے انداز سے پوچھے جانے کے طریقہ کو بہت آسان طریقہ بتلایا۔ کیریئر کونسلر ایم اے حمید نے امتحان کی تیاری اور ایس ایس سی کی نئی امتحانی اسکیم کو پیش کیا۔ پروگرام کا آغاز قاری سید شاہ انعام الحق قادری خطیب جامع مسجد افضل گنج کی قرأت سے ہوا۔ مختلف اسکولس کے ذمہ داران محمد علی رفعت، بدر بن عبداللہ، محمد ابراہیم، فیاض علی، احمد صدیقی مکیش، شبیر علی، شاکر احمد، محمد معید موجود تھے۔ نظامت کے فرائض اور آخر میں شکریہ ایم اے حمید نے ادا کیا۔