ملت فنڈ کے لیے کرتا پاجامے کے دو کارٹونس کا عطیہ

مخدوم برادرس کا مثالی اقدام ، ایڈیٹر سیاست کی جانب سے ستائش
حیدرآباد ۔ 6 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : عید الفطر کی خوشیوں میں غریبوں کو شامل رکھنے سے خوشیاں دوبالا ہوجاتی ہیں ۔ ویسے بھی ہمارے دین اسلام میں بھوکوں کو کھانا کھلانے ، ننگوں کو کپڑے مہیا کرنے اور مصیبت زدہ انسانوں کی مدد کی بڑی فضیلت بتائی گئی ہے ۔ ہمارے نبی کریم ﷺ کا ارشاد مبارک ہے ’ اللہ تعالیٰ اس شخص پر رحم نہیں کرتا جو دوسروں پر رحم نہیں کرتا ‘ ۔ ماہ رمضان المبارک میں مسلمان اپنے ہر ہر عمل کے ذریعہ دنیا کے سامنے اعلیٰ کردار کا نمونہ پیش کرتے ہیں ۔ ان کا یہ کردار صرف ماہ رحمت رمضان المبارک تک ہی محدود نہیں رہتا بلکہ وہ ہر وقت انسانیت کی خدمت میں لگے رہتے ہیں ۔ جہاں تک عید الفطر کی خوشیوں کا سوال ہے یہ خوشی اسی وقت مکمل ہوتی ہے جب ہمارے رشتہ داروں ، دوست احباب اور پڑوسیوں میں موجود غرباء کے چہروں پر مسکراہٹس آتی ہیں ۔ سیاست کے ملت فنڈ نے ہمیشہ کی طرح اس مرتبہ بھی غریبوں میں رمضان پیاکیج کی تقسیم کا انتظام کیا تھا جس میں اسے ہمدردان ملت کا بھر پور تعاون حاصل ہوا ۔ سیاست کے زیر اہتمام کپڑا بنک بھی کامیابی سے چلایا جارہا ہے ۔ ایسے میں شہر میں کرتا پاجامہ اور حیدرآبادی تہذیب کی عکاسی کرنے والے ملبوسات کے مشہور و معروف شوروم مخدوم برادرس نے بھی دست تعاون دراز کرتے ہوئے کرتا پاجامہ کے دو کارٹونس ملت فنڈ کے حوالے کیے ۔مخدوم برادرس کا یہ مثالی اقدام شائد ان غریب بچوں کے چہروں پر مسکراہٹس بکھر دے جو عید کے نئے کپڑوں کے انتظار میں تھے جنہیں امید تھی کہ کوئی اللہ کا نیک بندہ آئے گا اور اس کے ہاتھوں میں ان کے لیے عید کے کپڑے ہوں گے ۔ مخدوم برادرس کے اس مثالی اقدام کی ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں نے زبردست ستائش کی اور کہا کہ خدمت خلق اللہ تعالیٰ اس کے رسول ﷺ کو راضی کرنے کا ذریعہ ہے ۔۔