ملت فنڈ کے ذریعہ مسلم نعشوں کی تدفین

حیدرآباد ۔ 16مئی ( سیاست نیوز) جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر ’’سیاست‘‘ کو پی ایس بھونگیر آر آر ڈسٹرکٹ کا مراسلہ وصول ہوا جس میں مسلم نعش کی تدفین کی درخواست کی گئی ‘ اسی طرح حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ آر آر ڈسٹرکٹ پولیس اسٹیشنوںسے مزید 9 درخواستیں وصول ہوئی جملہ 10 مسلم نعشوں کو دواخانہ عثمانیہ سے حاصل کر کے قبرستان تھرتھرے شاہ بنسی لال پیٹ میں سید عبدالمنان کی نگرانی میں تدفین عمل میں لائی گئی۔ نماز جنازہ دواخانہ عثمانیہ ہی میں ادا کی گئی۔ محمد عبدالشکیل ‘محترمہ قمر سلطانہ ‘ زاہدہ بیگم ‘ محمدعبدالسبحان نے کہا کہ دوران طواف ہم نے اپنی دعاؤں میں ان مرحومین کی مغفرت کی دعا کی جن کی تدفین زاہد علی خان صاحب کی سرپرستی میں ادارہ سیاست ملت فنڈ کے ذریعہ کرتا ہے ۔ بلاشبہ ملت فنڈ کا تعاون ان مرحومین کے آخری سفر میں بڑا مددگار ہوتا ہے ۔ اللہ پاک انکو دنیا اور آخرت دونوں میں اسکا نعم بدل عطا فرمائے ۔سکندرآباد کی رہنے والی بشریٰ تبسم نے مرحومین کے ورثاء کیلئے دعا کی ‘ وہ جہاں کہیں ہو اللہ پاک ان کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔ ایڈیٹر ’’سیاست‘‘ جناب زاہد علی خان نے تدفین میں حصہ لینے پر سمیع اللہ خان مسجد سنی پورہ محمد جعفر اورسید عبدالمنان کا شکریہ ادا کیا۔