حیدرآباد ۔20 اگست ( سیاست نیوز ) جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر ’’سیاست‘‘ کو رین بازار پولیس اسٹیشن کا مراسلہ وصول ہوا جس میں نومولود لڑکے کی نعش کی تدفین کی درخواست کی گئی جو رین بازار حدود میں دستیاب ہوا ۔ سکندرآباد کی رہنے والی خاتون بشری تبسم نے اس لڑکے کا نام مجاہد حسین رکھتے ہوئے کہا کہ ہر مولود کی پیدائش اسلام پر ہوتی ہے اور بہت سارے لوگ اس بات پر متفق ہے کہ وہ پیدا ہونے کے بعد اللہ پاک کا نام یعنی روتے روتے اللہ پکارتا ہے ‘ اس کے علاوہ الوال چرچ ہوم سے مسلم خاتون کی نعش کی درخواست کی گئی ۔ حیدرآباد سکندرآباد کے مختلف پولیس اسٹیشنوں سے مزید 8 درخواستیں تدفین کی غرض سے وصول ہوئیں ۔ ان مسلم نعشوں کو دواخانہ عثمانیہ ‘ گاندھی ہسپتال الوال چرچ ہوم سے حاصل کر کے قبرستان تھرتھرے شاہ بنسی لال پیٹ سکندرآباد میں تدفین عمل میں لائی گئی ۔ نماز جنازہ مولانا سیدشاہ انعام الحق قادری خطیب مسجد افضل گنج نے پڑھائی ۔ جناب محمد عبدالجلیل نے مرحومین کیلئے دعائے مغفرت کی اور ورثاکیلئے دعا کی کہ وہ جہاں بھی ہوں اللہ پاک ان کو صبر عطا فرمائے اورملت فنڈ میں تعاون کرنے والوں کو دنیا و آخرت دونوں میں اسکا نعم البدل عطا فرمائے ( آمین ) ۔ جناب زاہد علی خان ایڈیٹر سیاست نے سید عبدالمنان ‘سمیع اللہ خان اور محمد جعفر سے کارخیر میں حصہ لینے پر اظہار تشکر کیا ۔