ملت اسلامیہ کی خدمت امان اللہ خاں کی زندگی کا نصب العین رہا

جلسہ یاد غازی ملت کا انعقاد ، ڈاکٹر قائم خاں ، مولانا طارق قادری و فرحت خان کا خطاب
حیدرآباد۔15جون(سیاست نیوز)وقف اراضیات کے تحفظ کا معاملہ ہو یا پھرانکاونٹر کے نام پر بے قصور مسلم نوجوانوں کو پولیس کی گولیوں کا نشانہ کے واقعات ہومرحوم قائد غازمی ملت الحاج محمد امان اللہ خان اس قسم کے واقعات پر حکمران جماعت کی وضاحت تک ایوان کی کارائی چلنے نہیں دیتے تھے۔ غازی ملت الحاج محمد امان اللہ خان نے مسلمانو ں کے مسائل پر حکومت سے کبھی سمجھوتہ نہیں کیا بلکہ حکمرانوں کا گریبان پکڑ کر ملت اسلامیہ کو درپیش مسائل کا حل تلاش کیا۔آج یہاں چنچلگوڑہ جیل کے ربرو مجلس بچائو تحریک کے زیر اہتمام منعقدہ جلسہ عام یاد غازی ملت سے خطاب کے دوران مختلف تنظیموں مذہبی ‘ سماجی وسیاسی تنظیموں سے وابستہ ذمہ داران ان خیالات کا اظہار کررہے تھے ۔ صدر تحریک ڈاکٹر قائم خان کی نگرانی میں منعقدہ جلسہ کاآغاز حافظ وقاری نوال الرحمن کی قرات کلام پاک سے ہوا مولانا سید طارق قادری صدر نشین ایچ اے ایس انڈیا‘ مجید اللہ خان فرحت‘مولانا الحاج سید طاہر‘ الطاف نصیب خان نے بھی جلسہ یاد غازی ملت سے مخاطب کیا۔ سکندر مرزا نے کاروائی چلائی۔ امجد اللہ خان خالد‘ ماجد خان‘ راشد ہاشمی کے علاوہ مجلس بچائو تحریک کے دیگر رفقاء نے بھی اس جلسہ عام میں شرکت کی۔ محبان غازی ملت کے کثیراجتماع سے صدراتی خطاب کے دوران ڈاکٹر قائم خان نے کہاکہ ملت اسلامیہ کی خدمت مرحوم قائد کی زندگی کا نصیب العین تھا اور اپنی آخری سانس تک بھی غازی ملت الحاج محمد امان اللہ خان مسلمانوں کے مسائل کو حل کرنے کی جدوجہدکرتے رہے۔ ڈاکٹر قائم خان نے کہاکہ اقتدار کی پرواہ کئے بغیر انہوں نے وقت کے حکمرانوں کا گریبان پکڑ کر مسلمانوں کے مسائل حل کروائے۔مولانا سید طار ق قادری نے کہا کہ مرحوم قائد غازی ملت کی انتقال کے بعد شہر حیدرآباد کے حالات یکسر بدل گئے۔انہوں نے کہاکہ امان اللہ خان مرحوم کی زندگی میں کسی کی مجال نہیںتھی کہ وہ پوری ریاست میںکسی بھی مقام پر ایک انچ وقف اراضی پر قبضہ کرسکے۔انہوں نے کہاکہ اقتدار میں نہ ہونے کے بعد بھی غازی ملت نے امریکی سفیر کا گریبان پکڑ کر امریکہ جیسی فسطائی طاقت کواہانت رسولؐ پر معافی مانگنے کے لئے مجبورکردیا۔جناب مجید اللہ خا ن نے عید گاہ گٹلہ بیگم پیٹ کی وقف اراضی کی صیانت کے متعلق مرحوم قائد کے کارناموں کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ دوہزار کروڑ کی ملکیت کی وقف جائیداد کو وقف بورڈکے حوالے کرنے میںمرحوم قائد غازی ملت الحاج محمد امان اللہ خان نے بڑا کارنامہ انجام دیا۔