ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی اور چیرمین وقف بورڈ محمد سلیم کے بیانات
حیدرآباد ۔ یکم ۔ ستمبر (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی اور صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے ملت اسلامیہ کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ مسلمان اپنی زندگیوں میں اسوہ ابراہیم کو اختیار کریں گے۔ عید کے موقع پر اپنے علحدہ پیامات میں دونوں قائدین نے کہا کہ عیدالاضحیٰ دراصل حضرت ابراہیم علیہ السلام کی جانب سے اللہ کی خوشنودی کیلئے قربانی کے جذبہ کی یاد تازہ کرتی ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ سنت ابراہیمی کی تکمیل میں مسلمانوں میں صاحب استطاعت پر قربانی واجب کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر ہمیں غریب خاندانوں کو فراموش نہیں کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ عید کے انتظامات کے سلسلہ میں حکومت کی جانب سے تمام محکمہ جات کو ہدایت جاری کی گئی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عیدالاضحیٰ مسلمانوں میں اللہ تعالیٰ سے مزید قربت کا ذریعہ ثابت ہوگی۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے اپنے پیام میں کہا کہ عیدالاضحیٰ دراصل اپنی پسندیدہ چیز اللہ کی راہ میں قربان کرنے کے جذبہ کو تازہ کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس قربانی سے ہمیں یہ درس لینا ہوگا کہ اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کیلئے دنیا کی آسائشیں قربان کی جاسکتی ہیں۔ محمد سلیم نے عالم اسلام کو عیدالاضحیٰ کی پرخلوص مبارکباد پیش کرتے ہوئے حج کے فریضہ کی تکمیل کرنے والے تلنگانہ اور آندھراپردیش کے حجاج کرام کو مبارکباد پیش کی۔