ملتان، 11 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے صوبہ پنجاب میں حساس اداروں کی کاروائی کے دوران داعش سے تعلق رکھنے والے آٹھ افراد کو گرفتار کر کے تحقیقات کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ آج یہاں سی پی او ملتان نے بتایا کہ پیر اور منگل کی درمیانی رات حساس اداروں نے کارروائی کی اور ملتان میں فلائی اوور، ملتان چونگی سمیت دیگر علاقوں میں داعش کے پوسٹر آویزاں اور انہیں خوش آمدید کہنے والے آٹھ افراد کو حراست میں لیا گیا اور تمام محروس افراد کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا تاکہ پتہ چل سکے کہ اس کے پیچھے کونسے عناصر ملوث ہیں۔