ملا پیریار ڈیم: سپریم کورٹ کے فیصلہ پر نگرانکار کمیٹی کی تشکیل

نئی دہلی۔/19جون، ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر قانون و انصاف روی شنکر پرساد نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ مرکزی کابینہ نے ملا پیر یار ڈیم کو لیکر کیرالا اور تملناڈو ریاستوں کے درمیان پائے جانے والے تنازعہ کی یکسوئی کیلئے ایک نگرانکار کمیٹی کی تشکیل کے فیصلہ کو منظوری دی ہے۔ اس موقع پر اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے پرساد نے کہا کہ سپریم کورٹ کی آئینی بنچ کے فیصلہ کی روشنی میں ریاست تملناڈو اور کیرالا کے درمیان ملا پیریار ڈیم کے تعلق سے پیدا ہوئے تنازعہ کی یکسوئی کیلئے ایک نگرانکار کمیٹی کی تشکیل کی منظوری دی گئی ہے۔ چیف جسٹس آر ایم لودھا کی قیادت میں ایک بنچ نے اس معاملہ کی سماعت کے آغاز کے آٹھ ماہ بعد یہ فیصلہ سنایا جس میں وضاحت کی گئی کہ ڈیم کے تحفظ کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے اور ڈیم کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے عدالت نے ایک نگرانکار کمیٹی کی تشکیل کی ہدایت بھی کی۔ یاد رہے کہ جاریہ ماہ کے اوائل میں وزیر اعلیٰ تملناڈو جیہ للیتا نے وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کرتے ہوئے ان پر زور دیا تھا کہ ملا پیریار ڈیم کے تنازعہ کی یکسوئی کے لئے نگرانکار کمیٹی کی تشکیل کی سپریم کورٹ نے جو سفارش کی ہے اگر اس پر عاجلانہ عمل آوری کی جائے تو بہتر ہوگا۔