حیدرآباد۔/24 مارچ، ( سیاست نیوز) وزیر صحت ڈاکٹر لکشما ریڈی نے کہا کہ عوام کو ملاوٹ شدہ غذائی اشیاء سے بچانے کیلئے حکومت اقدامات کررہی ہے۔ کونسل میں وقفہ سوالات کے دوران موبائیل فوڈ ٹسٹنگ لیباریٹریز سے متعلق سوال پر لکشما ریڈی نے کہاکہ عوام میں عام طور پر یہ رجحان دیکھا گیا ہے کہ تمام غذائی اجناس میں ملاوٹ ہے حالانکہ ایسا نہیں ہے۔ کسی حد تک غذائی اجناس میں ملاوٹ ضرور ہے جسے روکنے کیلئے حکومت اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں شعور بیداری کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ملاوٹ میں ملوث تاجرین کو ابتداء میں وارننگ دی جاتی ہے اور بعد میں ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کی صحت کو متاثر کرنے والی اشیاء کے پھیلاؤ کو عام ہونے سے بچائے گی۔ انہوں نے کہا کہ فوڈ ٹیسٹنگ لیاب حیدرآباد میں موجود ہے جس میں 35 اسٹاف برسرخدمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوڈ سیفٹی سے متعلق مرکزی قانون پر سختی سے عمل آوری کی جائے گی۔ ٹی آر ایس کے رکن سدھاکر ریڈی نے ہر ضلع میں فوڈ ٹیسٹنگ لیباریٹری کے قیام اور مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کا مطالبہ کیا۔ وزیر صحت نے بتایا کہ موبائیل فوڈ لیباریٹری کے ذریعہ اضلاع اور دیہی علاقوں کا احاطہ کیا جارہا ہے۔