اسلام آباد 10 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف نے نوبل امن انعام ملنے پر پاکستانی لڑکی ملالہ یوسف زئی کو مبارکباد پیش کی ہے ۔ انہوں نے اپنے پیام مبارکباد میں کہا کہ ملالہ پاکستان کا فخر ہے ۔ اس نے جو کامیابیاں حاصل کی ہیں وہ بے مثال اور منفرد ہیں۔ مالہ یوسف زئی پر 2012 میں طالبان کے حملہ کا ادعا کیا گیا تھا اور کہا گیا تھا کہ وہ لڑکیوں کی تعلیم کی حامی ہے ۔ اس حملہ کے بعد سے اسے کئی انعامات ملے ہیں اور وہ ایک عالمی شخصیت بنا دی گئی ہے ۔ نواز شریف نے کہا کہ دنیا بھر کے نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کو چاہئے کہ وہ مالہ سے سبق حاصل کریں اور جدوجہد کریں۔ ملالہ نوبل کا انعام حاصل کرنے والی سب سے کم عمر انعام یافتہ بن گئی ہے ۔ یہ ایوارڈ اسے بچوں کے حقوق کیلئے کام کرنے والے ہندوستانی جہد کار کیلاس ستیہ رتھی کے ساتھ ملا ہے ۔ پاکستان کے وزیر داخلہ نثار علی خان ‘ وزیر اطلاعات پرویز رشید ‘ سابق صدر آصف علی زرداری ‘ اپوزیشن لیڈر عمران خان اور کئی دوسروں نے بھی ملالہ کو یہ ایوارڈ ملنے پر مبارکباد دی ہے ۔ ملالہ کو اس سے قبل کئی انعامات مل چکے ہیں اور نوبل انعام تازہ ترین ہے ۔