ملالہ یوسف گلیمر ویمن آف دی ایئر 2013 ء

نیویارک۔ 12 نومبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان میں لڑکیوں کی تعلیم کیلئے آواز اٹھانے پر ملالہ یوسف زئی کو گلیمر ویمن آف دی ائیر ایوارڈ سے نوازا گیا۔ نیویارک میں منعقدہ ریڈ کارپٹ تقریب میں ملالہ نے ایوارڈ پر شکریہ ادا کرتے ہوئے لیڈی گاگا اور باربرا سے ملنے کی خواہش ظاہر کی۔ گلیمر ویمن آف دی ائیر ایوارڈ ہالی و وڈ سنگرز لیڈی گاگا اور باربراسٹریسنڈ کے علاوہ سینڈی اسکول میں فائرنگ کے وقت بچوں کو بچانے والی ٹیچر کیتھلین روک بے بی لیس کو بھی دیا گیا۔ یہ ایوارڈ خواتین کے حقوق کو اجاگر کرنے والے نامور شخصیتوں ، سیاستدانوں، رہنمائوں اور کھلاڑیوں کو دیا جاتا ہے۔
’آئی ایم ملالہ‘پر پابندی متنازعہ
اس دوران پاکستان میں نجی اسکولوں کی ایک تنظیم کی جانب سے ملالہ یوسف زئی کی کتاب پر پابندی کو آزادی اظہار خیال پر روک قرار دیا جا رہا ہے۔ آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن نامی تنظیم نے گزشتہ ہفتے ملک بھر کے نجی اسکولوں میں ملالہ کی کتاب ‘آئی ایم ملالہ‘ پر پابندی عائد کر دی تھی۔ اس تنطیم کے عہدیداروں کے مطابق ملالہ کی کتاب میں ایسی بہت سی باتیں ہیں، جو بچوں کے ذہنوں میں ابہام پیدا کر سکتی ہیں۔ تنظیم کے مطابق وہ نہیں چاہتے کہ کم سن طلبہ ملالہ کے نقش قدم پر چلیں۔ ’آئی ایم ملالہ‘ کو بین الاقوامی سطح پر پذیرائی حاصل ہو چکی ہے۔ تاہم ملالہ کے حوالے سے جس طرح پاکستانی معاشرے میں واضح اختلاف رائے پایا جاتا ہے اسی طرح اس طالبہ کی تصنیف پر بھی رائے منقسم ہے۔ ملالہ کی کتاب کو پہلے دن سے ہی دائیں بازو کی سیاسی جماعتوں، دانشوروں، کالم نگاروں اور مذہبی جماعتوں کی جانب سے تنقید کا سامنا تھا۔ اس تنقید کی وجہ کتاب میں مذہب اسلام سے تعلق رکھنے والی شخصیات کے ناموں کے ساتھ احتراماً استعمال ہونے والے کلمات کا استعمال نہ کیا جانا اور بانی پاکستان محمد علی جناح کو ’قائد اعظم‘ کے بجائے صرف جناح کہہ کر مخاطب کرنا بھی ہے۔