پشاور 30 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) تحریک طالبان پاکستان کے دس عسکریت پسندوں کو آج ایک انسداد دہشت گردی عدالت نے 2012 میں ہوئے ملالہ یوسف زئی پر حملہ کی پاداش میں 25 سال قید کی سزا سنائی ۔ خیر پختونخواہ صوبہ میں ضلع سوات کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ملزمین کے مقدمہ کے بعد فیصلہ کا اعلان کیا اور کہا کہ 10 عسکریت پسند حملے کے مرتکب پائے گئے ہیں اور ان میں ہر ایک کو 25 سال قید کی سزا دی جاتی ہے ۔ ایک ضلع عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ تحریک طالبان پاکستان نے اکٹوبر 2012 میں ہوئے حملہ کی ذمہ داری قبول کی تھی ۔ اس وقت ملالہ 15 سال کی تھی اور اس کے سر پر گولی لگنے کا ادعا کیا گیا تھا جب وہ اسکول کی بس میں سوار ہو رہی تھی ۔ ملالہ کو 2014 کا نوبل امن انعام دیا گیا تھا۔