ملازم جوڑے کی ایک ہی مقام پر ملازمت، عنقریب احکام کا اجراء

حیدرآباد 27 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ میں ملازمت کرنے والے جوڑوں کے لئے خوشخبری ہے۔ چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے ملازمین اور ان کی بیویوں کو ایک ہی مقام پر کام کرنے کی تجویز کو منظوری دے دی۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہاکہ وہ اس سلسلہ میں درکار اقدامات کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ تبادلے اس طرح کئے جائیں کہ میاں بیوی ایک ہی شہر یا ٹاؤن میں کام کریں۔ اس سلسلہ میں احکام جلد جاری کئے جائیں گے۔ ملازمین کی یونینوں کا دیرینہ مطالبہ ہورہا ہے۔ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد چیف منسٹر نے حلف برداری کے فوری بعد ملازمین کو تیقن دیا تھا کہ وہ میاں بیوی کے ایک ہی مقام پر کام کرنے کو یقینی بنانے کے مطالبہ پر ہمدردانہ غور کریں گے۔ تلنگانہ این جی اوز کے اعزازی صدر دیوی پرساد نے چیف منسٹر سے اظہار تشکر کیا ہے۔