ملازمین کے اپاہج بچوں کیلئے سرکاری الاؤنس میں اضافہ

نئی دہلی 2 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی حکومت کے ملازمین کے اپاہج بچوں کے لئے ایجوکیشن الاؤنس 30 ہزار سے بڑھاکر 54 ہزار روپئے سالانہ کردیا گیا ہے، سرکاری حکمنامہ میں یہ بات کہی گئی۔ ساتویں پے کمیشن کی سفارش کے پیش نظر قواعد یہ گنجائش فراہم کرتے ہیں کہ سرکاری ملازمین کے معذور بچوں کے لئے تعلیمی بھتہ دیگر بچوں کے لئے مقررہ شرح کا دوگنا ادا کیا جائے، جو 2250 روپئے ماہانہ ہے۔ محکمہ ملازمین اور تربیت کے حال ہی میں جاری کردہ حکمنامے میں کہا گیا کہ سرکاری ملازمین کے معذور بچوں کے لئے ’چلڈرن ایجوکیشن الاؤنس‘ کی بازادائیگی کے لئے مقررہ سالانہ حد اب 54 ہزار روپئے کردی گئی ہے۔ اگر دونوں والدین سرکاری خدمت گذار ہیں تو اُن میں سے صرف ایک ہی یہ باز ادائیگی سے استفادہ کرسکتا ہے۔ محکمہ نے کہاکہ اِس ضمن میں باز ادائیگیاں سال میں صرف ایک مرتبہ ہوا کریں گی اور یہ مالی سال کی تکمیل پر ہوگا۔ ہاسٹل سبسیڈی کیلئے متعلقہ ادارے کا سرٹیفکٹ داخل کرنا ہوگا۔