پرنسپال سکریٹری فینانس وی ناگی ریڈی کمیٹی کے چیرمین مقرر ، ہفتہ میں ایک مرتبہ درخواستوں کی سماعت ، تلنگانہ حکومت کا اقدام
حیدرآباد۔/7اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ریاست کے قیام کے بعد ملازمین کی دونوں ریاستوں میں تقسیم سے متعلق شکایات کی سماعت اور یکسوئی کیلئے تلنگانہ حکومت نے خصوصی شکایتی سیل قائم کیا ہے۔ اس سلسلہ میں چیف سکریٹری ڈاکٹر راجیو شرما نے آج احکامات جاری کئے۔ احکامات کے مطابق ملازمین کی مختلف تنظیموں اور انفرادی طور پر تلنگانہ کے ملازمین کی جانب سے ان کی تعیناتی کے احکامات کے بارے میں کئی شکایات اور نمائندگیاں وصول ہوئی ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ ریاست کی تنظیم جدید سے متعلق قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ان کی تقسیم عمل میں لائی گئی۔ حکومت نے ملازمین کی ان شکایات کا مذکورہ قانون کی روشنی میں جائزہ لینے کیلئے تنظیم جدید سے متعلق شکایتی سیل قائم کیا ہے۔ مسٹر وی ناگی ریڈی ( آئی اے ایس) پرنسپال سکریٹری فینانس کمیٹی کے صدرنشین ہوں گے۔ ارکان میں جے ریمنڈ پیٹر پرنسپال سکریٹری پنچایت راج و دیہی ترقی، ایس ڈی ایل مشرا پرنسپال چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ، شریمتی سومیا مشرا ( آئی پی ایس) اسپیشل سکریٹری وزارت داخلہ، کے رام کرشنا راؤ اسپیشل سکریٹری فینانس اور بی وینکٹیشورراؤ سکریٹری سرویسس جی اے ڈی شامل ہوں گے۔ محکمہ جی اے ڈی کے ڈپٹی سکریٹری کو کمیٹی کا کنوینر مقرر کیا گیا ہے۔ کمیٹی کی بہتر کارکردگی میں تعاون کیلئے ڈپٹی سکریٹری، اسسٹنٹ سکریٹری، سیکشن آفیسرس (2)اسسٹنٹ سیکشن آفیسرس (4) ڈی ای او (4)اور اٹینڈرس(2)الاٹ کئے گئے۔ کمیٹی کا ہفتہ میں ایک مرتبہ اجلاس منعقد ہوگا جس میں ملازمین کے مقامی ہونے کی درخواستوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ کمیٹی اپنی سفارشات حکومت کو روانہ کرے گی۔ کمیٹی دونوں ریاستوں میں ملازمین کی تقسیم سے متعلق اعتراضات کی بھی سماعت کرے گی۔ کمیٹی کی میعاد ایک سال مقرر کی گئی ہے۔