مختلف محکمہ جات کے ملازمین کے تبادلوں کی عبوری فہرست پر تنازعہ
حیدرآباد۔27جون ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد سرکاری ملازمین کی تقسیم کیلئے سینئر آئی اے ایس عہدیدار کملاناتھن کی زیرقیادت کمیٹی کا ایک اہم اجلاس 28 اور 29جون کو منعقد ہوگا ۔ ڈائرکٹر میڈیکل ایجوکیشن ‘ ایڈز کنٹرول بورڈ ‘ سکریٹریٹ ‘ ٹریژری اینڈ اکاؤنٹس محکمہ جات کے ملازمین کی تقسیم کے معاملہ میں پیدا شدہ تنازعہ کی روشنی میں دو روزہ اجلاس انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا ۔ ذرائع نے کہا کہ آندھراپردیش ریاست میں زائد میڈیکل کالجس پائے جانے کے باوجود آندھراپردیش سے تعلق رکھنے والے تقریباً 300 ڈاکٹرس نے تلنگانہ میڈیکل کالجس میں خدمات انجام دینے سے متعلق اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہوئے درخواستیں پیش کیں ۔ ان ڈاکٹروں کی دی گئی درخواستیں ہی اب موضوع بحث بنی ہوئی ہیں ۔ علاوہ ازیں محکمہ ٹریژری اینڈ اکاؤنٹس میں بعض جعلی دستاویزات کے ذریعہ تلنگانہ کے رہنے والے ثابت کرنے کی کوششیں بھی تنازعہ کا باعث بن گئے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ یہ تمام تنازعات کملاناتھن کی صدارت میں منعقد ہونے والے کمیٹی کے اجلاس میں موضوع بحث ہوں گے ۔ بتایا جاتا ہیکہ صدرنشین مشاورتی کمیٹی کملاناتھن کے علاوہ دونوں ریاستوں تلنگانہ و آندھراپردیش کے چیف سکریٹریز راجیو شرما اور ایس پی ٹھکر کے علاوہ متعلقہ محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداران ان اجلاس میں شریک رہیں گے ۔