حیدرآباد ۔ 16 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ملازمین پولیس خدمات میں مصروف ہو کر صحت پر توجہ نہیں دیتے انہیں چاہئے کہ وہ اپنی روزمرہ کی زندگی اور خدمات میں مصروفیت کو اہمیت دینے کے ساتھ ساتھ صحت پر توجہ مرکوز کریں ۔ ان خیالات کا اظہار کمشنر آف پولیس راچہ کنڈہ مسٹر مہیش مرلی دھر بھگوت نے کیا ۔ انہوں نے آج یہاں ہیلت کیمپ کا افتتاح کیا ۔ ورلڈ ہائپر ٹینشن ڈے کے موقع پر اس ہیلت کیمپ کا انعقاد عمل میں لایا گیا تھا ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ آج کے دن کے خصوص میں تمام پولیس اسٹیشنوں میں ہیلت کیمپ کا انعقاد عمل میں لایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خدمات میں مصروفیت کے سبب پولیس ملازمین وقت پر غذا کا استعمال نہیں کرسکتے ۔ انہیں چاہئے کہ وہ خدمات کی بہ حسن خوبی انجام دہی کے ساتھ ساتھ صحت پر خاص توجہ مرکوز کریں ۔ انہوں نے پولیس ملازمین کو مشورہ دیا کہ وہ ہر دن ورزش کو لازمی قرار دیں اور سال میں ایک مرتبہ اپنی صحت کے متعلق مکمل طبی جانچ کروالیں تاکہ بہتر صحت سے بہتر خدمات انجام دی جاسکیں ۔ اس موقع پر دیگر موجود تھے ۔۔