حیدرآباد۔/18ستمبر، ( پریس نوٹ ) ملازمین نظام کلب کے دیرینہ حل طلب مسائل جو معرض التواء میں پڑے ہوئے ہیں انتظامیہ کی ٹال مٹول کی پالیسی کی وجہ سے نظام کلب اسٹاف اینڈ ورکرس یونین مسلمہ کی جانب سے کام روکو احتجاج کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جناب سید شمشاد قادری اعزازی صدر ، کے ایشور ، شیخ عثمان اور کے سامیول کارگذار صدر نے اپنے صحافتی بیا ن میں نظام کلب انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ ملازمین کے دیرینہ حل طلب مسائل کو حل کرتے ہوئے احکامات جاری کرے۔ جناب سید شمشاد قادری نے انتظامیہ خاص طور پر صدر نظام کلب ای راجندر کمار کی ملازمین دشمن پالیسی پر سخت تنقید کی اور مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ملازمین کے دیرینہ حل طلب مسائل خصوصی طور پر تنخواہوں میں بڑھوتری اور دوسرے اہم مطالبات جو نظام کلب انتظامیہ کی جانب سے معرض التواء میں پڑے ہوئے ہیں فوری طور پر منظور کرتے ہوئے احکامات جاری کریں۔ اس کمر توڑ مہنگائی میں غریب ملازمین سخت پریشانی میں اپنی زندگی گذار رہے ہیں۔ شیخ عثمان جنرل سکریٹری نے صدر نظام کلب جناب ای راجندر سے مطالبہ کیا کہ تنخواہوں میں نظر ثانی کرتے ہوئے ملازمین میں پھیلی بے چینی کو دور کریں۔