برقی (ترمیمی) بل کیخلاف احتجاج کیلئے 12 لاکھ ملازمین فیصلہ
نئی دہلی۔ 30 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) برقی شعبہ کے ملازمین اور انجینئروں کی ایک تنظیم نے کہا کہ برقی (ترمیمی) بِل 2014 کے خلاف 8 ڈسمبر کو ایک روزہ ہڑتال ناگزیر ہوگئی ہے کیونکہ اس مسئلہ پر مذاکرات میں تعطل برقرار ہے۔ آل انڈیا پاور انجینئرس فیڈریشن (اے آئی پی ای ایف) کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’مرکزی وزیر توانائی کی طرف سے کوئی جواب نہ ملنے پر تعطل برقرار ہے اور اب 8 ڈسمبر کو ہڑتال ناگزیر نظر آتی ہے‘‘۔ توقع ہے کہ توانائی کے شعبہ سے وابستہ تقریباً 12 لاکھ ملازمین اور انجینئرس اس ہڑتال میں حصہ لیں گے۔ بیان کے مطابق برقی ملازمین اور انجینئرس کی قومی کنفیڈریشن کمیٹی پہلے ہی ہڑتال ؍ کام کے بائیکاٹ کی نوٹس وزیر توانائی پیوش گوئل کو کوچی میں 6 نومبر کو وزرائے توانائی کی کانفرنس کے دوران پیش کی جاچکی ہے۔ گوئل نے کوچی میں بات چیت کے دوران یقین دلایا تھا کہ مرکزی حکومت اس بِل میں مختلف تبدیلیاں کررہی ہیں جو پارلیمنٹ کے سرمائی سیشن کے آغاز سے قبل آن لائن پیش کی جائیں گی۔ ملازمین کی تنظیم نے کہا کہ حکومت کی پالیسیوں سے یہ محسوس ہوتا ہے کہ خسارہ کو قومیائے جارہا ہے جبکہ خانگی اداروں کو منافع کمانے کا موقع دیا جارہا ہے۔