ملازمین برقی کو 30 فیصد فٹمنٹ کی ادائیگی کا اعلان

سرکاری خزانہ پر 500 کروڑ روپئے کا زائد بوجھ، کے سی آر کا اعلان
حیدرآباد 2 ڈسمبر (این ایس ایس) تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے آج کہاکہ اُن کی حکومت ریاست میں برقی ملازمین کو 30 فیصد فٹمنٹ ادا کرے گی اور اِس سے عائد ہونے والے 500 کروڑ کے زائد بوجھ کو برداشت کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے آج یہاں فٹمنٹ اور دیگر فوائد کے بارے میں ملازمین برقی کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ علیحدہ تلنگانہ تحریک میں ملازمین برقی کا کلیدی رول رہا ہے۔ انھوں نے 15 سال کے تجربہ یافتہ ملازمین کو 3 اضافہ ہائے تدریجی (انکریمنٹ) اور 15 سال سے کم تجربہ رکھنے والے ملازمین برقی کو 2 اضافہ ہائے تدریجی دینے کا وعدہ کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ 26,894 ملازمین برقی کو 1,233 کروڑ روپئے ادا کئے جاتے ہیں جبکہ 19292 وظیفہ یابوں کو 583 کروڑ روپئے ادا کئے جاتے ہیں اور اِن کے فٹمنٹس سے سرکاری خزانہ پر 100 کروڑ روپئے کا اضافی بوجھ عائد ہوگا۔ چیف منسٹر نے ملازمین برقی پر زور دیا کہ وہ ریاست کو سنہرا تلنگانہ بنانے کے عزم کے ساتھ کام کریں کیونکہ برقی کی پیداوار کے شعبہ میں خانگی ساجھیداری کے امکانات کم ہی ہوا کرتے ہیں۔ چیف منسٹر نے اِس اعتماد کا اظہار کیاکہ ہم برقی کی قلت کے موجودہ سنگین مسئلہ سے کامیابی کے ساتھ نمٹ لیں گے اور آنے والے برسوں میں ہمارے پاس فاضل برقی رہے گی۔