ملائیشیا کی حکومت کا شاہ سلمان کے آئندہ دورے کا خیر مقدم

کوالالمپور۔25 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ملائیشیا کے وزیراعظم نجیب عبدالرزاق نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے آئندہ دورہ ملائیشیا کا خیر مقدم کیا ہے۔اس موقع پر وزیراعظم کے دفتر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط تعلقات اس امر کے متقاضی بھی ہیں کہ ملائیشیا وہ ملک ہو جہاں سے سعودی فرماں روا اپنے ایشیائی دورے کا آغاز کریں۔اقتصادی پہلو سے ملائیشیا کے وزیراعظم کا کہنا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تبادلے میں صرف گزشتہ سال ہی تقریبا 28 فی صد اضافہ دیکھنے میں آیا جس کے بعد سعودی عرب ملائیشیا کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار بن گیا ہے۔توقع ہے کہ ملائیشیا میں سعودی عرب کی سرمایہ کاری سے روزگار کے ہزاروں مواقع پیدا ہوں گے۔بیان کے مطابق شاہ سلمان کے دورے میں متعدد معاہدوں پر دستخط بھی ہوں گے جن میں اہم ترین معاہدہ تیل کے شعبے میں سعودی عرب اور ملائیشیا کی عظیم کمپنیوں ارامکو اور پٹروناس کے درمیان ہوگا۔وزیراعظم نجیب عبدالرزاق کا کہنا ہے کہ شدت پسندوں پر روک اور دینِ اسلام کے معتدل تشخص کی بنیادوں کا تحفظ سعودی عرب اور ملائیشیا کے لیے مشترکہ توجہ اور دل چسپی کے امور ہیں۔