کوالالمپور۔ 28 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ملائیشیا نے بدقسمت ملائیشین فلائیٹ
MH-370 جو زائد از پانچ ماہ قبل 237 افراد کے ساتھ دوران پرواز غائب ہوگئی ، اُس کی تلاش کیلئے اپنے اشتراک کو تقویت پہونچانے کیلئے آسٹریلیا کے ساتھ ایک معاملت پر دستخط کئے ہیں۔ وزیر ٹرانسپورٹ لیو ٹیونگ لائی جو ملائیشیائی وفد برائے کینبرا کی قیادت کررہے ہیں ، انھوں نے آسٹریلیائی نائب وزیراعظم وارین ٹرس کے ساتھ یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے ۔ ملائیشیائی وزیر نے کہاکہ اس معاملت سے لاپتہ طیارہ کو ڈھونڈنے کیلئے ہمارے عمل اشتراک اور اخلاص کو مزید تقویت ملے گی ۔ انھوں نے زور دیا کہ MH-370 ملائیشیا کیلئے بدستور اولین ترجیح ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ہم اس تلاش کو منطقی انجام تک جاری رکھیں گے ۔