پرتھ ؍ بیجنگ ؍ کوالالمپور ، 24 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی بحرِ ہند میں ملائیشیا کے لاپتہ طیارہ
MH370
کی تلاش میں مزید ممالک بھی شامل ہو گئے ہیں کیونکہ موسم کی خرابی اور بارش تلاش کی کوششوں میں رخنہ ڈال رہی ہیں۔ جنوبی بحر ہند کے دورافتادہ حصہ میں آج آسٹریلیائی طیارہ نے لاپتہ ملائیشیائی جٹ لائنر سے ممکنہ طور پر متعلقہ دو اشیاء کا پتہ چلایا اور انھیں حاصل کرنے کیلئے اس علاقہ کو ایک جہاز بھیج دیا گیا ہے۔ وزیراعظم ٹونی ایبٹ نے کہا کہ یہ اشیاء آسٹریلیائی P3 آریون طیارہ نے ہمہ قومی تلاشی مہم کے 17 ویں روز پرتھ کے تقریباً 2500 کیلومیٹر جنوب۔ مغرب میں پایا ہے۔ ایبٹ نے پارلیمنٹ کو بتایا کہ پہلی شئے بھوری یا سبز اور دائروی جبکہ دوسری زرد اور مستطیل نما ہے۔ انھوں نے کہاکہ یہ ابھی معلوم نہیں آیا یہ اشیاء ملائیشیا ایرلائنز فلائٹ MH370 کی ہیں، اور یہ ملبہ کا حصہ بھی ہوسکتی ہیں جو تیرتی ہوئی اس علاقہ تک پہنچ گئیں۔ بہرحال سٹیلائٹ اور راڈار سے بھی حاصل ہونے والے مواد کی روشنی میں 10 ہوائی جہاز اس علاقے میں مصروف تلاش ہیں جہاں جہاز کا ممکنہ ملبہ دیکھا گیا ہے۔ چین کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ ایک چینی جہاز نے سمندر میں مشتبہ ملبہ دیکھا ہے۔ ملائیشیائی ائیر لائن کی پرواز ایم ایچ 370 کولالمپور سے 8 مارچ کو بیجنگ جاتے ہوئے لاپتہ ہو گئی تھی۔
اس میں 239 افراد سوار تھے جن کی اکثریت چینی تھی۔ آسٹریلیا کے ساحلی شہر پرتھ سے دو چینی فوجی طیارے آج صبح سمندر میں لاپتہ جہاز کی تلاش کیلئے نکلے ہیں جبکہ جاپان کے دو پی تھری اورئین طیارے بھی تلاش کی مہم میں حصہ لیں گے۔ آسٹریلیا اور امریکہ کے چھ فوجی طیارے پہلے ہی 68,500 مربع کلومیٹر کے علاقے میں لاپتہ جہاز کو تلاش کر رہے ہیں۔ قبل ازیں ملائیشیا نے کہا کہ فرانس نے اسے لاپتہ بوئنگ 777 طیارہ کے ’ممکنہ ملبے‘ کی نئی تصاویر بھیجی ہیں جو سٹیلائٹ سے لی گئی ہیں۔ ان تصاویر میں بحرِ ہند کے جنوبی حصے میں جہاز کے ملبے سے ملتی جلتی اشیاء نظر آ رہی ہیں جن کا تعلق ممکنہ طور پر لاپتہ طیارہ سے ہو سکتا ہے۔ چین کی طرف سے لاپتہ طیارہ کے ممکنہ ملبے کی تصاویر جاری ہونے کے بعد طیارہ کو تلاش کرنے کیلئے اتوار کو جنوبی بحرِ ہند کے وسیع علاقے میں آٹھ طیاروں کو بھیجا گیا ہے۔ آسٹریلیا اس سرچ آپریشن کی سربراہی کر رہا ہے اور اس نے کہا ہے کہ وہ لکڑی کے ایک بڑے تختے کو ڈھونڈ رہا ہے۔ اس علاقے میں ہفتہ کو سمندر میں تیرتی اشیاء اور لکڑی کے ایک ٹکڑے کی دریافت نے ان امیدوں میں اضافہ کر دیا ہے کہ جہاز کا ملبہ ممکنہ طور پر اسی علاقے میں ہو سکتا ہے۔ آسٹریلیا کے بحریہ میں آپریشن کوارڈینیٹر مائک بارٹن نے نظر آنے والے ملبے کے بارے میں کہا کہ اس میں ایک لکڑی کا ٹکڑا ہے جس کے اردگرد مختلف رنگ اور سائزکے بیلٹ اور کچھ دیگر اشیاء ہیں۔ پرتھ کے جنوب مغرب میں 23,000 کلومیٹر کے علاقے میں لاپتہ طیارہ کی تلاش کی جا رہی ہے۔