پرتھ ؍ کوالالمپور ، یکم اپریل (سیاست ڈاٹ کام) بین الاقوامی بچاؤ ٹیمیں ملائیشین ایئر لائنز کے لاپتہ طیارہ کے سرچ آپریشن میں تیزی لے آئی ہیں۔ پرواز ایم ایچ 370 کے بلیک باکس کی بیٹری ختم ہو رہی ہے اور حکام کے مطابق ایک ہفتے بعد بلیک باکس سے سگنلز آنا بند ہو جائیں گے۔ بتایا گیا ہے کہ دس بحری اور اتنے ہی فضائی جہاز جنوبی بحر ہند کے اس مقام پر تلاش کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں،
جہاں یہ طیارہ ممکنہ طور پر گر کر تباہ ہوا ہے۔ ادھر ملائیشیا کی ایوی ایشن اتھارٹی نے اس بوئنگ طیارہ اور ایئر ٹریفک کنٹرول کے مابین آخری رابطے کا نیا متن جاری کر دیا ہے۔ اس کے مطابق پائلٹ نے کہا تھا، ’’گڈ نائٹ ملائیشین تھری سیون زیرو‘‘ جبکہ پہلے بتایا گیا تھا کہ آخری رابطے میں پائلٹ نے روایتی انداز میں ’’آل رائٹ گڈ نائٹ‘‘ کہا تھا۔